وقت آگیا ہےکہ جعلی مقدمات بنانے، بنوانے والوں کو سزا دی جائے، نوازشریف

ن لیگی رہنماؤں کے حق میں فیصلے نیب اور ریاستی اداروں کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنے کی گواہی دے رہے ہیں، بےبنیاد مقدمات بنانے، بنوانے والوں کو نیب قانون کے تحت سزا دی جائے۔ قائد مسلم لیگ(ن) سابق وزیر اعظم کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 جولائی 2021 21:20

وقت آگیا ہےکہ جعلی مقدمات بنانے، بنوانے والوں کو سزا دی جائے، نوازشریف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام فیصلے نیب اور ریاستی اداروں کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنے کی گواہی دے رہے ہیں،  اب وقت آ گیا ہے کہ جعلی اور بے بنیاد مقدمات بنانے اور بنوانے والوں کو وہی سزا دی جائے جو نیب کے قانون میں موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے ٹویٹر پر خواجہ آصف اور احسن اقبال و دیگر ن لیگی رہنماؤں کے حق میں عدالتی فیصلوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آئے دن آنے والے فیصلے گواہی دے رہے ہیں کہ کیسے نیب اور ریاستی اداروں کو سیاسی انتقام کے لئیے برملا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ اس طرح کے جعلی اور بے بنیاد مقدمات بنانے اور بنوانے والوں کو وہی سزا دی جائے جو نیب کے قانون میں موجود ہے۔

(جاری ہے)


واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے احسن اقبال کی گرفتار کو نیب کا اختیارسے تجاوز قرار دے دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں احسن اقبال کی ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دس صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں عدالت نے احسن اقبال کی گرفتار کو نیب کااختیارسے تجاوز قرار دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نیب راولپنڈی احسن اقبال پر کرپشن کے الزام کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا، نیب احسن اقبال پر کوئی مالی فائدہ اٹھانے کا ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہا، نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ عوامی مفاد کا ہے، منصوبے کی منظوری تمام فورمز نے دی، نیب احسن اقبال کو قید کرنے کے جواز پر مطمئن نہیں کرسکا، بادی النظر میں گرفتاری کیلئے جرم سے تعلق ہونا ضروری ہے، ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نیب تفتیش میں تعاون بھی کررہے تھے، احسن اقبال کو جب گرفتار کیا گیا تو ان کے خلاف کیس انکوائری کی سطح پر تھا، احسن اقبال منتخب رکن، گرفتاری سے حلقے کے عوام کوبھی ہارڈشپ کا سامنا رہا۔