قومی اسمبلی، (ن )لیگ اور پیپلز پارٹی نے امتحانات کی تاریخ میں ڈیڑھ ماہ توسیع کرنے اور گرفتار طلبہ کو رہا کرنے کا مطالبہ

لاکھوں طلباء و طالبات آن لائن امتحانات کی تیاری سے محروم رہ گئے ہیں ، توجہ دلائو نوٹس ،اسپیکر کی جانب سے وزیر تعلیم کے ساتھ خود مشاورت کا اعلان صحافیوں پر تشدد معاملہ ،صحافی بھائیوں کے ساتھ کی گئی زیادتی کا ازالہ کیا جائیگا، آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلات حاصل کروں گا،عامر ڈوگر

جمعرات 8 جولائی 2021 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2021ء) قومی اسمبلی اجلاس میں (ن )لیگ اور پیپلز پارٹی نے امتحانات کی تاریخ میں ڈیڑھ ماہ توسیع کرنے اور گرفتار طلبہ کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ لاکھوں طلباء و طالبات آن لائن امتحانات کی تیاری سے محروم رہ گئے ہیں جس پر اسپیکر کی جانب سے وزیر تعلیم کے ساتھ خود مشاورت کا اعلان کیا گیا ہے ۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر احسن اقبال اور راجہ پرویز اشرف نے مطالبہ کیا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے ان فوری طور نہ لینے کا مطالبہ کیا۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ لاکھوں پاکستانی جو بیرون ممالک مقیم ہیں ان کی فلائٹوں کے مسائل ہیں،ہالینڈ سمیت دیگر ممالک میں آپریشن بند ہونے کے باعث وہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بڑھ گئے ہیں،اسپیکر نے وزیر مملکت علی محمد خان کو صورت حال کا نوٹس لینے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہاکہ لاکھوں طلبا و طالبات آن لائن تیاری سے محروم رہے ،حکومت کے لوگ بھی سوچیں کہ طلبا کی تیاری نہ ہوئی تو وہ پرچے کیا دیں گے ،امتحانات کم از کم 45روز تک ملتوی کیا جائے ۔پارلیمانی سیکرٹری تعلیم نے سوال اٹھایاکہ احسن اقبال کسی دلیل کے ساتھ بتادیں امتحانات کے بغیر کیسے طلبا کو پاس کردیں۔ انہوںنے کہاکہ طلبا و طالبات کو آن لائن بھی تعلیم دی گئی ۔

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم نے کہاکہ کیا تیاری کرنے والے اور نہ کرنے والوں کو برابر تولا جاسکتا ہے ،وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملکر امتحانات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں بیرون ممالک فضائی آپریشن بند ہونے کے باعث پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے اسپیکر نے وزیر مملکت علی محمد خان کو ہدایت کی جبکہ امتحانات کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے بھی خود وزیر تعلیم شفقت محمود سے رابطہ کرکے معاملہ پر مشاورت کا یقین دلایا۔

پارلیمانی رپورٹرز نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران عثمان خان اور عرفان ملک پر پولیس تشدد معاملے پر پریس گیلری سے سے واک آؤٹ کیا جس پر چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر نے ایوان میں بیان دیا کہ گزشتہ روز صحافیوں کے ساتھ ایک واقعہ پیش آیا،پولیس اہلکاروں نے صحافیوں پر تشدد کیا۔عامر ڈوگر نے کہاکہ اس واقعے کے خلاف صحافیوں نے پارلیمانی گیلری سے واک آؤٹ کیا،صحافی بھائیوں کے ساتھ کی گئی زیادتی کا ازالہ کیا جائے گا،اجلاس کے بعد آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلات حاصل کروں گا،واقعہ کی ایف آئی آر کٹنے کے بعد اس پر کاروائی ہوگی۔

اجلاس کے دور ان پیپلز پارٹی کی نصیبہ چنا نے کورم کی نشاندھی کردی۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کی نصیبہ چنا نے کورم کی نشاندھی کی تو اپوزیشن ارکان ایوان سے نکل گئے اور کورم ٹوٹ گیا اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔