Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا

خدانخواستہ کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا تو پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔ عثمان بزدار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 9 جولائی 2021 11:58

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جولائی 2021ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پابندیوں سے بچنے کے لیے شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئیے۔ خدانخواستہ اگر کیس کی شرح میں اضافہ ہو گیا تو پھر سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اور عید الطفر پر عوام نے کورونا ایس او پیز پر کافی حد تک عمل کیا۔

(جاری ہے)

اب لگتا ہے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو دوبارہ پابندیاں لگا دی جائیں گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عید پر پابندیاں لگائیں اور عید کا مزہ خراب ہو تاہم ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، کورونا مزید بڑھنےکا خطرہ ہے لہٰذا تمام لوگ ایس او پیز پر عمل کریں، سماجی فاصلہ رکھیں، ماسک پہنیں اور ویکسی نیشن کروائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑھتے کورونا کیسز پر مکمل لاک ڈاؤن کی طرف بالکل نہیں جائیں گے، ملک گیر لاک ڈاؤن کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن اگر صورتحال خراب ہوئی تو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا پھر تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو باعث تشویش ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمارکے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید27 فراد چل بسے ۔ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار520 ہوگئی ہے،جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 69 ہزار476 ہوگئی ہے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات