’غریب ہوں، وکیل کرنے کے بھی پیسے نہیں‘ توہین عدالت کیس میں پیپلزپارٹی رہنماء کا غیرمشروط معافی نامہ

مجھے معلوم نہیں تھا میرا بیان توہین عدالت ہے، چیف جسٹس پاکستان اور تمام عدالتی انتظامیہ سے معافی مانگتا ہوں، آئندہ کبھی بھی حکومتی اداروں کے خلاف نہیں بولوں گا۔ مسعودالرحمان عباسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے معافی نامے کا متن

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 9 جولائی 2021 14:15

’غریب ہوں، وکیل کرنے کے بھی پیسے نہیں‘ توہین عدالت کیس میں پیپلزپارٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جولائی2021ء) سپریم کورٹ توہین عدالت کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء مسعودالرحمان عباسی نے غیر مشروط معافی نامہ جمع کرادیا۔ تفصیلات کے مطابق مسعودالرحمان عباسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے معافی نامہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان اور تمام عدالتی انتظامیہ سے معافی مانگتا ہوں، آئندہ کبھی بھی حکومتی اداروں کے خلاف نہیں بولوں گا، میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں۔

معافی نامہ میں کہا گیا ہے کہ میں ایک غریب آدمی ہوں میرے پاس وکیل کرنے کے پیسے بھی نہیں ہیں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ میرا بیان توہین عدالت ہے، میں عدالت عظمٰی سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں اور خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑتا ہوں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف تقریر کرنے پر نوٹس لیا تھا ، چیف جسٹس آف پاکستان نے پیپلز پارٹی کے رکن مسعود الرحمن عباسی کی توہین آمیز تقریر پر از خود نوٹس لیتے ہوئے توہین عدالت کے معاملے کی سماعت کیلئے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ تشکیل دیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے عدلیہ کے خلاف زبان استعمال کرنے پر پارٹی کے مقامی رہنما کو شوکاز نوٹس بھی دیا گیا ، مقامی عہدیدارکے خلاف جواب ملنے کے بعد سخت ایکشن لیا جائے گا کیوں کہ گذشتہ کچھ دنوں سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جلسے کے دوران ایک شخص (مقامی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مسعود الرحمان عباسی) نے مائیک پکڑ کر بظاہر کسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے خلاف انتہائی غلط زبان استعمال کی، یہی نہیں بلکہ مسعود الرحمان کے ساتھ اسٹیج پر کچھ اور لوگ بھی موجود تھے جب کہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پس منظر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے بھی لہرا رہے ہیں۔