موجودہ حکمرانوں کی داخلی و خارجہ پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں ، آفتاب شیرپائو

عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل کر ان کا خون نچھوڑا جا رہا ہے ، گھی ،تیل اورچینی کے نرخوں میں حالیہ مزید اضافہ سے عام آدمی کا جینا حرام ہو جائے گا افغانستان کی موجودہ صورتحال کے خطہ پر اثرات سے نمٹنے کیلئے حکمرانوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں،شمولیتی پریس کانفرنس

جمعہ 9 جولائی 2021 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2021ء) سابق تحصیل ناظم مانسہرہ عمر فاروق نے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کی موجودگی میں ایک شمولیتی پریس کانفرنس کے دوران اپنے درجنوں بلدیاتی نمائندوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابقہ تحصیل وڈسٹرکٹ ناظمین محمد ناصر، محمد ثاقب،محمد وقار،حاجی اعظم،عرب خان،قاضی اشفاق،حاجی ابرار خان خیل اورملک شفاقت شامل تھے۔

اس موقع پرقومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمدخان شیرپائو نے شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا ضلع مانسہرہ کے عوام اور علاقہ کی بھرپور خدمت کی ہے اور آئندہ جب بھی موقع ملے گا علاقہ کے مسائل اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی داخلی و خارجہ پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں ،عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل کر ان کا خون نچھوڑا جا رہا ہے جبکہ گھی ،تیل اورچینی کے نرخوں میں حالیہ مزید اضافہ سے عام آدمی کا جینا حرام ہو جائے گا۔امریکہ کو ہوائی آڈے دینے کے حوالے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی اس کے حق میں نہیں کیونکہ یہ ایک حساس مسئلہ ہے لہٰذا حکمران کوکوئی قدم اٹھانے سے قبل ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص خارجہ پالیسی کی بدولت چین جیسے دوست ملک کے ساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے سی پیک جیسا منصوبہ بھی سست روی کی نظر ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے خطہ پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کیلئے حکمرانوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں۔انھوں نے کہا کہ نیٹو اور امریکن افواج کی افغانستان سے انخلاء کے بعدوہاں پر پیدا ہونے والی صورتحال سے پاکستان اور باالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اس حوالے سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے رہنمائوں کو اعتماد میں لے کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرے۔

انھوں نے کہا کہ بیرونی مالیاتی اداروں سے قرضے نہ لینے کے دعوے کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لے کر ملک کو اربوں ڈالر مزید مقروض کردیاجبکہ ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال پہلے سے زیادہ ابتر ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں قومی وطن پارٹی عوام کی آواز بن چکی ہے اور ان کے فلاح و بہبوداور مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر موثر انداز میں جدوجہد کرے گی۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو،سابق صوبائی وزیر ابرار حسین تنولی،قومی وطن پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون،صوبائی وائس چیئرمین ڈاکٹر فائزہ رشید اور ضلع مانسہرہ کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔