Live Updates

آزاد کشمیر کا انتخابی محاذ آصفہ کے سپرد، بلاول بھٹو کل امریکا جائیں گے

بلاول بھٹو امریکہ میں ایک ہفتہ قیام کریں گے، امریکا میں قیام کے دوران بلاول بھٹو ایک کانفرنس میں شرکت بھی کرینگے، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 جولائی 2021 23:15

آزاد کشمیر کا انتخابی محاذ آصفہ کے سپرد، بلاول بھٹو کل امریکا جائیں ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے آزاد کشمیر الیکشن میں انتخابی مہم چھوڑ کر کل دورہ امریکا کیلئے روانہ ہونے کا قوی امکان ہے، بلاول بھٹو امریکہ میں ایک ہفتہ قیام کریں گے، بلاول بھٹو ایک کانفرنس میں شرکت بھی کرینگے۔ ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے دورہ امریکا کی تیاری کرلی، بلاول بھٹو کل ایک ہفتے کیلئے امریکہ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

بلاول بھٹو امریکہ میں ایک ہفتہ قیام کے دوران ایک کانفرنس میں بھی شرکت کرینگے۔ بتایا گیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی عدم موجودگی میں آصفہ بھٹو کو آزاد کشمیر میں انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو کی عدم موجودگی میں آصفہ بھٹو کشمیر کا دورہ کریں گی۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو کشمیرانتخابات سے متعلق انتخابی مہم چلائیں گی۔ آصفہ بھٹو کشمیر میں پارٹی کارکنان سے خطاب بھی کریں گی۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ممکنہ دورہ امریکا پر حکومتی حلقوں کی جانب سے بڑی تنقید کی جارہی ہے،معاون خصوصی شہباز گل، مراد سعید، پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل نے کہا کہ بلاول بھٹو کی دورہ امریکا کیلئے سی وی تیار ہورہی ہے۔ واضح رہے 03 جولائی کو بلاول بھٹو زرداری کے امریکہ کے ممکنہ دورے سے متعلق معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو نوکری کی عرضی لے کر امریکہ جارہے ہیں جہاں وہ پیپلزپارٹی کو حکومت میں لانے کا کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سی وی لے کر واشنگٹن جا رہے ہیں اور وہ امریکہ جا کر کہیں گے ہمیں حکومت میں لائیں ہم سب کرنے کو تیار ہیں مگر ہم ایسی ڈیل نہیں کرنے دیں گے۔ بلاول جو عرضیاں لے کر امریکہ جا رہے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اٴْن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی والے امریکہ کو اڈے دینے کا ملبہ پرویز مشرف کے دورپر ڈالتے ہیں۔ حالانکہ مشرف کے زمانے میں تیرہ ڈرون حملے ہوئے اور پیپلزپارٹی کے دور میں 340 ڈرون حملے ہوئے جب کہ کونڈولیزارائس نے ڈرون حملوں کے لیے مشرف اور محترمہ کی ڈیل کروائی۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہماری ایک صحافی باجی بلاول کی لابی کرنے کو واشنگٹن پہنچ گئی ہیں۔  بلاول زرداری 11 کو پہنچ رہے ہیں۔  ہر طرح کی لابی و منت سماجت کی جائے گی کہ بلاول کی سی وی قبول کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات