حکومت بلوچستان نے ہزارہ کمیونٹی کی سیکورٹی سے متعلق کمیشن تشکیل دیدیا

ہفتہ 10 جولائی 2021 23:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2021ء) محکمہ داخلہ وقبائلی امور حکومت بلوچستان نے ہزارہ کمیونٹی کی سیکورٹی سے متعلق کمیشن تشکیل دیدیا،کمیشن سیکورٹی کاجائزہ لیکر ہائی ویز اور ہزارہ برادری کے مائنز ورکرز کیلئے وسیع سیکورٹی پلان تشکیل دیکرمزید بہتری کیلئے اپنی سفارشات مرتب کریگی ۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ وقبائلی امور حکومت بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکام بالا کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے ہزارہ برادری کی سیکورٹی سے متعلق کمیشن تشکیل دیدیا ہے جس کے چیئرمین صوبائی وزیر داخلہ میر میر ضیاء اللہ لانگو ،ممبران میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ وقبائلی امور ،انسپکٹرجنرل فرنٹئیرکور(نارتھ)،آئی جی پولیس بلوچستان ،ڈائریکٹرجنرل لیویز فورس بلوچستان اور 5Co-Opted ممبران شامل ہیں ،نوٹیفکیشن کے ٹی او آرز کے مطابق کمیشن سیکورٹی کاجائزہ لیکر ہائی ویز اور ہزارہ برادری کے مائنز ورکرز کے تحفظ کیلئے وسیع سیکورٹی پلان تشکیل دیکراس بابت مزید بہتری کیلئے اپنی سفارشات اورتجاویزمرتب کریگی بلکہ ہزارہ (شیعہ) کمیونٹی کے لاپتہ افراد کے کیسز کی تحقیقات ،ہزارہ برادری کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے بلاک اور کلیئرنس سے متعلق شکایات کاازالہ ،ہزارہ کمیونٹی کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ اور مچھ واقعہ کے شہداء کے قانونی وارثین کیلئے ملازمتوں سے متعلق سفارشات اور تجاویز مرتب کرینگے ۔