واحد خلیجی ملک جس نے تاحال عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا

سلطنت عمان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کی کوششیں جاری، عید قربان کی تاریخ کا اعلان جلد متوقع

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 جولائی 2021 21:31

واحد خلیجی ملک جس نے تاحال عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا
عمان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2021ء) واحد خلیجی ملک جس نے تاحال عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، سلطنت عمان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کی کوششیں جاری، عید قربان کی تاریخ کا اعلان جلد متوقع۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور بحرین کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ ان ممالک میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل جبکہ یکم ذی الحج 11 جولائی بروز اتوار کو ہوگی۔

عمومی طور پر بیشتر خلیجی اور عرب اسلامی ممالک میں ایک ہی دن عید منائی جاتی ہے، تاہم سلطنت عمان واحد خلیجی ملک ہے جہاں تاحال عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عمان میں آج بروز ہفتہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چاند کی رویت کیلئے طلب کیے گئے اجلاس کے بعد عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں ہفتے کے روز ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی تکنیکی معاونت کے لیے موجود تھے۔

اجلاس کے بعد چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے کسی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو منائی جائے گی، جبکہ یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر کو ہوگی۔ اس سے قبل ماہرین فلکیات نے بتایا تھا کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش ہو چکی، پاکستان میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 14 گھنٹے سے زائد تھی۔ ذی الحج کے چاند کی پیدائش 10 جولائی کی صبح 5 بج کر 17 منٹ پر ہوئی، کراچی میں 7 بجکر 58 منٹ جبکہ کوئٹہ میں ساڑھے 8 بجے تک چاند نظر آنے کا امکان تھا، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا۔