پیپلز پارٹی خواتین کی خوشحالی و ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ : ہری رام کشوری لال

پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید بی بی مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں ۔ وزیر خوراک و اقلیتی امور

اتوار 11 جولائی 2021 18:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2021ء) صوبائی وزیر خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے کہا ہے کہ خواتین کی خوشحالی و ترقی کیلئے پیپلز پارٹی بھرپور عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ آج کی عورت معاشی ترقی اور معاشرے کی مزید بہتری کے لئے عملی زندگی کے ساتھ سیاست میں بھی کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے میرپورخاص کے مقامی ہوٹل میں منعقد وویمن ورکرز الائنس کی تقریب میں سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کھیتوں، صنعتوں اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوانے والی خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آج پاکستان میں اعلی عہدوں پر خواتین فائز ہیں یہ سلسلہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ شروع ہوا جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، ملک کی ترقی، خوشحالی اور خطے میں امن کے لئے ان کی شاندار کوششوں کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جاتا ہے ،دنیا کے کئی ممالک کی قیادت اس وقت خواتین کے ہاتھ میں ہے یا رہ چکی ہے، مثلا امریکہ میں کملا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں، بنگلہ دیش میں حسینہ واجد وزیراعظم کے فرائض انجام دے رہی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں جیسنڈا آرڈن دوبارہ وزیراعظم اور جرمنی میں اینگلا مرکل چانسلر منتخب ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ان مثالوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ہوں یا ترقی پذیر ممالک، خواتین ہر جگہ کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں دیہی علاقوں میں کھیتی باڑی سے لے کر گھر کی تمام ذمہ داریاں خواتین پر ہوتی ہیں جسے وہ احسن طریقے سے سر انجام دیتی ہیں مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے خاندانوں میں عورت کا نوکری کرنا بے عزتی تصور کیا جاتا ہے۔

ایسے خاندانوں میں کسی عورت کا اپنے گھر والوں کو باعزت روزگار کے حصول کے لئے رضامند کرنا ہی بہت بڑی بات ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس سے قبل سماجی رہنما محمد بخش نے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ برائے کنونشن پڑھ کر سنایا۔ تفصیلات کے مطابق چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں وویمن ورکرز الائنس لیبر ڈیپارٹمنٹ سے فیکٹریز ایکٹ، شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ آرڈیننس 1969 پر مکمل عملدرآمد، تمام رسمی اداروں کو لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رجسٹرڈ کرنے،لیبر قوانین اور آئی ایل او کے کنونشن 81-Cکا نفاذ ،لیبر انسپیکشن کے ڈیٹا کی رسائی شامل تھے۔

اس موقع پر وویمن ورکرز الائنس کی رہنماوں افشین اقبال، مریم زاہد، نجما شیخ، فوزیہ ناصر اور دیگر نے صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈپیش کیا جبکہ ہری رام کشوری لال نے اس ضمن میں محکمہ محنت سے بات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنی ہر ممکن تعاون کی بھی پیشکش کی۔