نواز شریف دور کے عوامی منصوبوں کے ناموں کو تبدیل کرنے سے موجودہ حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی،امیرمقام

نواز شریف کڈنی ہسپتال سرکاری خزانے سے نہیں بلکہ لوگوں کی عطیات سے پنجاب ہاسپٹلز ٹرسٹ سے تعمیر ہوا ہے،مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام

اتوار 11 جولائی 2021 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف دور کے عوامی منصوبوں کے ناموں کو تبدیل کرنے سے موجودہ حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی، نواز شریف کڈنی ہسپتال سرکاری خزانے سے نہیں بلکہ لوگوں کی عطیات سے پنجاب ہاسپٹلز ٹرسٹ سے تعمیر ہوا ہے، ٹرسٹ کے چیئرمین اسحاق ڈار نے خود بھی 5 کروڑ روپے کا چندہ دیا تھا اور میاں نواز شریف نے بطور وزیراعظم اپنی تنخواہ بھی کڈنی ہسپتال کیلئے مختص کی، اگر عطیات پر بنائے گئے ہسپتال کا نام تبدیل کرانا ہے تو پھر شوکت خانم لاہور اور پشاور کا نام بھی تبدیل کئے جائیں، پھر ایک میعار ہونا چاہئے اس کیلئے بھی زمین اور عطیہ نواز شریف نے دیا، اگر پھر بھی ہسپتال کے نام کی تبدیلی کی گئی تو عوامی، پارلیمنٹ اور عدلیہ کا سامنا کرنا پڑیگا ، عوام کا مسئلہ ہسپتال کا نام تبدیل کرنے سے نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے ، کڈنی ٹرانسپلانٹ شروع کرنے سے حل ہو گاجو تین سالوں سے التواء کا شکار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعلی نے بونیر تقریر میں زور دیکر بے شرم، چور ڈاکووں کی بات کی لیکن بے شرم تو وہ ہے جو پختون روایات سے ناواقف ہے بے شرم وہ ہے جو ریحام خان کی کتاب میں لکھے گئے الزامات کا جواب نہ دے سکے، جنہوں نے آئی ایم ایف کی جانے کی صورت میں خود کشی کا اعلان کیا تھا، بے شرم وہ ہے جس نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹا وعدہ کیا تھا جس نے ملکی معیشت تباہ کر دی اور بد ترین مہنگائی کے ذریعے غریبوں کا جینا مشکل کر دیا، نواز شریف وہی شخص ہے جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،ملک کو سی پیک منصوبہ دیا ہزاروں کلو میٹر موٹر ویز بنائے اور 12000 میگا واٹ بجلی دی اور ملک کو 8۔

(جاری ہے)

5 فیصد ترقی دی۔ شہباز شریف وہی شخص ہے جنہوں نے کینسر اور کمر جیسے موذی امراض کے باوجود ملک و قوم کیلئے مشین کی طرح کام کیا،پشاور کے ایک بی آر ٹی کی قیمت پر 4 میٹروز بنائے، 6000 میگا واٹ بجلی منصوبے شروع کئے،چائنہ اور ترکی بھی شہباز شریف کے معترف تھے کہاں بزدار اور کہاں شہباز شریف زمین آسمان کا فرق ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زندگی کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت کرتا رہا ہوں دن رات خدمت کی اور کرتا رہونگا،کل سیکورٹی واپس لی گئی پھر آئی جی نے فون کرکے سیکورٹی بحال کی یہ پتہ نہیں کہ سیکورٹی لی کیوں اور پھر واپس کیوں دی ان کو تنخواہ بنی گالہ سے نہیں بلکہ قومی خزانے سے ملتی یے سب کا ایک جیسا حق ہے۔۔