وفاقی وزارت آئی ٹی کے تحت سندھ کے 3 اضلاع میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ ، معاہدے پر دستخط

بے نظیرآباد، خیرپوراورنوشہروفیروزمیں 709 کلومیٹر آپٹیکل فائبر پر 2 ارب 10 کروڑ خرچ ہوں گے، حکام ترقی کے نام پر 18 سو ارب روپے ہڑپ کرنے والی سندھ حکومت کی طرح ہوائی منصوبے نہیں، ایم کیوایم پر الزام تراشیوں سے کارکردگی نہیں بنتی، سندھ حکومت کا خاتمہ اب قریب ہے، سید امین الحق

پیر 12 جولائی 2021 14:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) وفاقی وزارت آئی ٹی کے تحت سندھ کے 3 اضلاع میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ شروع کر نے کا فیصلہ کرلیا،بے نظیرآباد، خیرپوراورنوشہروفیروزمیں 709 کلومیٹر آپٹیکل فائبر پر 2 ارب 10 کروڑ خرچ ہوں گے۔ پیر کو صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی، وفاقی وزیر سید امین الحق و دیگر حکام شریک ہوئے ۔

معاہدے پر دستخط یو ایس ایف کیحارث چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے ندیم خان نے کیئے۔ سید امین الحق نے کہاکہ سندھ کیلئے ہم نے 3 سال میں ساڑھے 8 ارب روپے کے 9 منصوبے شروع کیئے ، تکمیل سے 26 اضلاع کے 3ہزار 227 پسماندہ دیہات ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے منصوبے سندھ کے عوام سے وابستگی اور بلاامتیاز عوامی خدمت کی مثال ہیں، سندھ پر 13 سال سے قابض عوام دشمن پارٹی دیکھ لے عوامی خدمت اسے کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کراچی سے منتخب ہوا لیکن اپنی وزارت سے فائدہ پورے سندھ کو دینے کا عزم ہے۔امین الحق نے کہاکہ ترقی کے نام پر 18 سو ارب روپے ہڑپ کرنے والی سندھ حکومت کی طرح ہوائی منصوبے نہیں، ایم کیوایم پر الزام تراشیوں سے کارکردگی نہیں بنتی، سندھ حکومت کا خاتمہ اب قریب ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ڈیجیٹل دور میں عوام کو سب پتہ ہے کہ کام کون کررہا ہے اور باتیں کون بنارہا ہے،شہری آبادی پیپلز پارٹی کے عوام دشمن عزائم جانتی ہیاب دیہی سندھ بھی جان جائے گا، شور مچائیں، الزامات لگائیں، اپنے وزراء کو پیچھے لگائیں، آپ کی سننے والا کوئی نہیں۔

انہوںنے کہاکہ جنوبی سندھ صوبے کی بات اب نکل چکی،یہ ہماری نہیں مظلوم و ستائے لوگوں کی آوازہے، سندھ کی ترقی اس کے انتظامی یونٹس میں تقسیم سے ہی ممکن ہے، دنیا 21 ویں صدی سے بھی آگے نکل گئی سندھ کی عوام کو قبل مسیح میں رکھا ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے کے ہر منصوبے میں شرکت کی دعوت دی کبھی نہیں آئے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے اور اس کی عوام کی ترقی سے کوئی غرض نہیں،13 برس میں پیپلز پارٹی حکومت کوئی ایک ماڈل یونین کونسل دکھا دے جہاں تمام سہولیات میسر ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ تمام صوبوں میں میٹرو بس صوبائی حکومتوں نے بنائے،سندھ حکومت کے پاس صرف بہانے ہیں،لسانیت, تعصب کے نام پر کراچی حیدرآباد کے عوام کو ترقی کے عمل سے دور رکھ گیا،گرین لائن اور کے فور کا منصوبہ اب وفاقی حکومت نے ہماری درخواست پر شروع کیا۔