وزارت آئی ٹی کے تحت سندھ کے تین اضلاع کیلئے 2 ارب 10 کروڑ روپے کے منصوبے کا آغاز

معاہدے پر دستخط کی تقریب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر سید امین الحق کا تقریب سے خطاب یونیورسل سروس فنڈ اور پی ٹی سی ایل کے مابین معاہدے پر دستخط حارث چوہدری اور ندیم خان نے کیئے

پیر 12 جولائی 2021 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کے 3 اضلاع، بے نظیرآباد، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، جس پر مجموعی لاگت 2 ارب 10 کروڑ روپے آئے گی، معاہدے پر دستخط کی تقریب پیر کو کراچی میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو ندیم خان نے کیئے۔مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دنیا سے خود کو ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وقت کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، اس کی ضروریات اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں شامل کرنا ہے اس مقصد کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کا کردار مثالی ہے جو اس مشکل ترین ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں اور وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ صدر مملکت نے وفاقی وزیر سید امین الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آئی ٹی وہ شعبہ ہے جو ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کو استحکام دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے اور وزارت آئی ٹی کی اب تک کی کارکردگی اطمیان بخش ہے لیکن ہمیں بہت آگے تک جانا ہے۔

وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے ہماری وزارت نے 3 سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کیئے ہیں۔ان منصوبوں کی تکمیل سے 26 اضلاع کے 3ہزار 227 پسماندہ دیہات اور 230 یونین کنسلوں میں تقریبا 19 سو کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ کی دیہی آبادی کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

سید امین الحق نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہمارے منصوبے سندھ کے عوام سے وابستگی اور بلاامتیاز عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں، سندھ پر 13 سال سے قابض عوام دشمن پارٹی دیکھ لے عوامی خدمت اسے کہتے ہیں۔ کراچی سے منتخب ہوا لیکن اپنی وزارت سے فائدہ پورے سندھ کو دینے کا عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر 18 سو ارب روپے ہڑپ کرنے والی سندھ حکومت کی طرح ہوائی منصوبے نہیں، ایم کیوایم پر الزام تراشیوں سے کارکردگی نہیں بنتی، سندھ حکومت کا خاتمہ اب قریب ہے۔

اس ڈیجیٹل دور میں عوام کو سب پتہ ہے کہ کام کون کررہا ہے اور باتیں کون بنارہا ہے۔ شہری آبادی پیپلز پارٹی کے عوام دشمن عزائم جانتی ہیاب دیہی سندھ بھی جان جائے گا، اب شور مچائیں، الزامات لگائیں، اپنے وزراء کو پیچھے لگائیں، آپ کی سننے والا کوئی نہیں، انھوں نے واضح کیا کہ جنوبی سندھ صوبے کی بات اب نکل چکی،یہ ہماری نہیں مظلوم و ستائے لوگوں کی آوازہے، سندھ کی ترقی اس کے انتظامی یونٹس میں تقسیم سے ہی ممکن ہے، دنیا 21 ویں صدی سے بھی آگے نکل گئی سندھ کی عوام کو قبل مسیح میں رکھا ہوا ہے۔

سید امین الحق نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے کے ہر منصوبے میں شرکت کی دعوت دی لیکن وہ کبھی نہیں آئے اس کی وجہ یہی ہے کہ وزیراعلیٰ کو صوبیاور اس کی عوام کی ترقی سے کوئی غرض نہیں.انھوں نے کہا کہ 13 برس میں پیپلز پارٹی حکومت کوئی ایک ماڈل یونین کونسل ایسی دکھا دے جہاں تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں. تمام صوبوں میں میٹرو بس صوبائی حکومتوں نے بنائے لیکن سندھ حکومت کو صرف بہانے بنانے آتے ہیں ہماری درخواست پر وفاق نے گرین لائن اور کے فور کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا۔

پیپلز پارٹی حکومت نے لسانیت اور تعصب کے نام پر کراچی حیدرآباد کے عوام کو ترقی کے عمل سے دور رکھا ہوا ہے۔ اس لیئے ہم کہتے ہیں جب تک پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے صوبہ کسی صورت ترقی نہیں کرسکتا۔قبل ازیں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے علاوہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی ہدایت پر ہم نے اپنے فائبرآپٹیکل کیبل منصوبے کو یونین کونسلوں کی سطح تک وسیع کردیا ہے آج کا یہ منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دو ارب 10 کروڑ مالیت کا یہ منصوبہ پی ٹی سی ایل کو سونپا گیا ہے اس پراجیکٹ کے تحت نوشہرو فیروز ، شہید بینظیر آباد ا، خیرپور اضلاع اور اطراف کی آبادی کے تقریبا 2 لاکھ 80 ہزار رہائشیوں کو فائدہ ہوگا۔ اس پروجیکٹ کے تحت ، 90 قصبوں اور یونین کونسلوں کو 709.5کلومیٹرطویل آپٹک فائبرکیبل سے منسلک کیا جائے گا۔ تقریب سے پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او ندیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں رابطوں کی فراہمی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہوئے مواصلاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مؤثر کردار ادا کررہا ہے سندھ کیلئے اس منصوبے کی وقت پر معیار کے ساتھ تکمیل ہماری اولین ترجیح ہوگی۔