خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ملک اور معاشرے کی ترقی کا ضامن ہے‘حافظ محمد سہیل

موجودہ دور میں خواتین تعلیم کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں‘تقریب سے خطاب

پیر 12 جولائی 2021 16:05

ٰٖفیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ملک اور معاشرے کی ترقی کا ضامن ہے، نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں تعلیم کی اہمیت پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایث سکول سسٹم حافظ محمد سہیل نے کہا کہ تعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے،جس پر جس قدر بھی ایک گھرانہ توجہ مبذول کرائے گا وہ گھرانہ اسی قدر جلد ترقی یافتہ گھرانو ں میں شامل ہوتا چلا جاتا ہے، ہر دور میں تعلیم کی اہمیت مسلمہ رہی ہے، دور کوئی بھی ہو حالات کیسے بھی ہوں مگر تعلیم یافتہ او ر ہنر مند افراد اپنے لیے راستے خود تلاش کرتے چلے جاتے ہیں،آج بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑے بڑے سرمایہ دار اور صنعت کار اپنے کاموں کے لیے سرکاری دفاتر میں پڑھے لکھے افراد کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں،قوموں پر حکمرانی بھی پڑھے لکھے افراد ہی کرتے ہیں، موجودہ دور میں خواتین تعلیم کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں ،تعلیم کے ساتھ ساتھ اگر ہنر میں بھی مہارت ہو تو ایسے افراد معاشرے کے کامیاب ترین افراد میں شامل ہوتے ہیں، بلاشبہ نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول ، سوشل ویلفیئر سوسائٹی میں طالبات کو بیوٹی پارلر، کمپیوٹر اور ڈریس ڈیزائننگ میں جو مہارت دی جا رہی ہے وہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اہم مضامین ہیں ،جن میں علاقہ کی خواتین کو مہارت اور با ہنر بنا کر اہم قومی ذمہ داری پوری کی جا رہی ہے، جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ پڑھنا پڑھانا بہت سعادت کی بات ہے ،خوش قسمت ہیں وہ افراد جو تعلیم اور تدریس کے ساتھ منسلک ہیں،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ نئی نئی راہیں تلاش کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے،جن طالبات نے اپنی ہنر میں کمال حاصل کیا ہے وہ آج اپنے گھروں میں ہزاروں روپیہ ماہانہ کما رہی ہیں،تقریب میں سکول انچارج روبینہ منیر نے کہا کہ ادارے میں مستحق خواتین کو فری ہنر مندی کی تربیت ایک عرصہ سے مہیا کی جا رہی ہے بلکہ جو بھی مستحق طالبہ ادارے سے سلائی مشین کی گزارش کرتی ہے انہیں ایک ایک سلائی مشین کا گرنقدر تحفہ بھی پیش کیا جاتا ہے، تقریب میں یاسمین حمید اور حافظہ صا امین نے بھی ہنرمندی کی اہمیت کے حوالے سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :