نیویارک پراپرٹی کیس، آصف زرداری کیخلاف تحقیقات کیلئے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ

نیب کو شریک چیئرمین پیپلزپارٹی سے متعلق الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ موصول ہوگیا، جہاں آصف زرداری نے پراپرٹی ظاہرنہیں کی جبکہ نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویزات نیب کے پاس موجود ہے، جن میں جائیداد آصف زرداری کی ہی ملکیت ہے۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 جولائی 2021 16:18

نیویارک پراپرٹی کیس، آصف زرداری کیخلاف تحقیقات کیلئے امریکا سے مزید ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جولائی 2021ء ) سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کی تحقیقات کیلئے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کو پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے متعلق الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ موصول ہوگیا ہے جس کے بعد تفتیشی ٹیم کی جانب سے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کیا گیا اس ضمن میں نیویارک فلیٹ کسی اور کو منتقل کرنے پر ایم ایل اے لکھا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ میں نیب ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن میں آصف علی زرداری نے نیویارک پراپرٹی ظاہرنہیں کی جب کہ نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویزات نیب کے پاس موجود ہے، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نیویارک میں جائیداد آصف علی زرداری کی ہی ملکیت تھی ، 20 جون 2007ء کو 5 لاکھ 30 ہزار ڈالرمیں اپارٹمنٹ خریدا گیا جس کے بعد 7 جون 2007ء کوآصف علی زرداری کیا جنب سے میری این نامی ایک خاتون کو پاورآف اٹارنی دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ریلیف مل گیا ،جہاں نیویارک فلیٹ انکوائری کیس میں عدالت نے سابق صدر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ، آصف علی زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری 28 جولائی تک منظور کی گئی ہے ، جس کے لیے عدالت نے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق نیب میں نیا کیس کُھل گیا ہے، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے امریکہ میں کیسے جائیداد بنائی اس حوالے سے نیب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری سے جواب طلب کیا کہ نیویارک میں جائیداد کیسے بنائی؟ نیب نے نیویارک فلیٹ سے متعلق آصف زرداری کو سوالنامہ اور معلومات کے حصول کے لیے نوٹس بھجوایا ، درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ، نیب نے آصف علی زرداری کو طلبی کا نوٹس بھیجا ہے ، جس میں نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری سے کہا کہ من ہٹن نیویارک میں اپرٹمنٹ ظاہر نہیں کیا، بظاہر اس اپارٹمنٹ کی خریداری کے لیے پاکستان سے کوئی رقوم نہیں بھیجی گئیں۔