ساہیوال میں ڈاکوؤں نے 20 ہزار کی رقم دکاندار کو واپس کر دی

بعد ازا ں ملزمان ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں داخل ہوئے، جہاں سے پانچ لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 جولائی 2021 16:58

ساہیوال میں ڈاکوؤں نے 20 ہزار کی رقم دکاندار کو واپس کر دی
ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جولائی 2021ء) : عموماً کسی چوری یا ڈکیتی کے دوران چور یا ڈاکو کے ہاتھ جو بھی لگے وہ سب لُوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ لیکن ساہیوال میں ایک ایسی ڈکیتی بھی ہوئی جہاں 20 ہزار ملنے پر ڈاکوؤں نے یہ رقم دکاندار کو واپس کر دی لیکن کچھ دیر بعد ہی اگلی دکان پر ڈکیتی میں انہیں 5 لاکھ روپے مل گئے جو وہ لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے شہر دیپال پور میں واقع جھال روڈ پر مسلح افراد ایک دکان میں داخل ہوئے اور مالک کو یرغمال بنا کر پیسے دینے کا مطالبہ کیا۔ دکان مالک نے ملزمان کو بیس ہزار روپے نقد رقم دی تو انہوں نے اسے کم کہہ کر پیسے واپس دکاندار کو دیے۔ ڈاکوؤں کا کہنا تھا کہ یہ کم رقم ہے، ہم ہزاروں نہیں لاکھوں لُوٹنے والے ہیں اور وہاں سے چلے گئے۔

(جاری ہے)

لیکن کچھ دیر بعد ہی ڈاکو دیپالپور کے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں داخل ہوئے، جہاں سے پانچ لاکھ روپے لُوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہی معلوم ہوا کہ دونوں وارداتوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہے، جس نے کم رقم چھوڑ کر لاکھوں روپے لُوٹے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی ماموں کانجن کا رہائشی زاہد رفیق اپنی بیٹی کو موٹرسائیکل پرکالج چھوڑنے جارہاتھا کہ اس دوران تھانہ رجانہ کی حدود میں لنڈو پل کے قریب 3 ڈاکوؤں نے اس سے موٹر سائیکل ، 2 ہزارنقدی اور موبائل فون چھین لیا تاہم اس کی بیٹی سے لیپ ٹاپ اورموبائل فون نہ چھینا ، جب ڈاکو جانے لگے تو طالبہ نے ان سے کہا کہ انکل میرے والد سے آپ نے جو 2 ہزار روپے چھینے ہیں وہ میری کالج کی فیس ہے ، پلیز واپس کردیں ، اس پرڈاکوؤں نے طالبہ کے والد سے چھینی گئی اس کی کالج کی فیس واپس کر دی۔