کل کابینہ اجلاس میں تحریک لبیک پاکستان کا فیصلہ ہوجائے گا، شیخ رشید

ٹی ایل پی کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھیج دی گئی ہے، فیصلہ کل کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 جولائی 2021 17:49

کل کابینہ اجلاس میں تحریک لبیک پاکستان کا فیصلہ ہوجائے گا، شیخ رشید
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کل کابینہ اجلاس میں تحریک لبیک پاکستان کا فیصلہ ہوجائے گا، ٹی ایل پی کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھیج دی گئی ہے، فیصلہ کل کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر الیکشن ہارنے جارہی ہے، بلاول اور مریم نے الیکشن سے پہلے ہی ہار نے کا شور مچا دیا ہے، پی ڈی ایم دھرنے کی تیاری کرے حکومت قانون کے مطابق قدم اٹھائے گی، خطے کے حالات عمران خان کی حکومت بننے کے متقاضی ہیں، عمران خان کشمیر کا کیس آگے لے کر جائیں گے، آزاد کشمیر الیکشن میں فوج تعینات کریں گے، فوج پولنگ اسٹیشنز کے اندر نہیں تعینات ہوگی، سول اداروں کے ساتھ فوج بھی کھڑی ہوگی،کشمیر میں مزید سیکیورٹی بڑھائیں گے، پاک آرمی ہمیشہ کی طرح تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھیج دی گئی ہے، آج منگل کو کابینہ فیصلہ کرے گی، تمام اداروں کو ترجمان اور سوشل میڈیا کے لیے ایک بندہ رکھنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں جو لوگ تین تین سال سے تعینات کئے گئے تھے ان کا تبادلہ کیا گیا ہے، نادرا میں 39 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے،ہدایت کی گئی ہے کہ جو لوگ جعلی شناختی کارڈوں میں ملوث ہیں ان کو برطرف کیا جائے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام فاٹا میں تھری جی اور فور جی کھلنے جارہا ہے، کابینہ نے منظوری بھی دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مرحلے میں کوئی احساس معاملہ ہوا تو ایجنسیوں کی درخواست پر وزارت داخلہ کچھ وقت کے لیے بند بھی کرسکتی ہے۔ کورونا کے کیسز اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھ رہے ہیں،این سی او سی نے سخت ایس او پیز جاری کردیا۔

طورخم بارڈر پر جن لوگوں کی کورونا رپورٹ منفی آئی ان کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے، جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ان کو متعلقہ لوگوں کے حوالے کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے سامنے جو آیا اس کے پستول میں گولیاں نہیں تھیں، پولیس مشکوک شخص کی تحقیقات کررہی ہے۔ مریم نواز کے اندر دھرنے کی خواہش ہورہی ہے، ہم الیکشن جیتیں گے یہ دھرنے کی تیاری رکھیں۔ افغان صورتحال پر وزارت خارجہ روزانہ بیان دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ساری زندگی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، بھارتی لوگ پکڑے گئے جو پاکستان میں فساد پھیلانا چاہتے تھے۔ افغانستان کی صورتحال پر فارن آفس بات کرے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں فوج پولنگ بوتھ کے اندر تعینات نہیں کی جارہی ہے، فوج نا کھڑی ہوتو لوگ الیکشن ڈبے اٹھا کر لے جائیں۔ کراچی میں چالیس لاکھ لوگوں کے غلط شناختی کارڈ بننے کی بات غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکلوانے کی کوئی درخواست نہیں آئی۔