وزیر اعظم عمران خان نے افغان مسئلے پر بہادرانہ موقف اختیار کیا‘عبدالعلیم خان

دو ٹوک موقف سے ملک و قوم کا وقاربلند ہوا، کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے ‘صوبائی وزیر

پیر 12 جولائی 2021 22:43

وزیر اعظم عمران خان نے افغان مسئلے پر بہادرانہ موقف اختیار کیا‘عبدالعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان نے بہادرانہ اور دوٹوک موقف اختیار کیاہے،ان کے اس اقدام سے نہ صرف ملک و قوم کا وقار بلند ہوا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے جس سے ہم سب کا سر فخر سے بلند ہو ا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں سینئروزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان میں بھی خوشحالی آئے گی اور خطے میں حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں افغان مسئلے کے حل کے لئے مثبت کوششیں جاری ہیں لیکن واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کسی طور بھی کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 4عشروں میں پاکستان کو افغانستان کی جنگ کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،وزیر اعظم عمران خان کا افغان جنگ کے حوالے سے شروع دن سے ہی جو موقف تھا وہ آج بھی اس پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک و قوم کو با وقار انداز میں آگے بڑھانے کا مشن جاری رکھا ہوا ہے جس کے لئے اقوام متحدہ سے لے کر ہر عالمی فورم پر وہ اس کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر افغانستان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں کے باعث پاکستان خطے میں اہم مقام حاصل کر چکا ہے جس میں انشا اللہ آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔