Live Updates

لندن نہ جانے پر’’شہبازشریف چھوئی موئی شریف‘‘ بن چکے ہیں، وفاقی وزراء

شہبازشریف پریس کانفرنس میں25 ارب روپے کا جواب دے دیتے تو اچھا ہوتا، شہبازشریف کو جون میں ہراساں کرنے کا خیال جولائی میں آیا، نوازشریف شہبازشریف سزایافتہ مجرم ہیں۔ وفاقی وزیر فواد چودھری، شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 جولائی 2021 19:18

لندن نہ جانے پر’’شہبازشریف چھوئی موئی شریف‘‘ بن چکے ہیں، وفاقی وزراء
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2021ء) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ لندن نہ جانے پر’’شہبازشریف چھوئی موئی شریف‘‘ بن چکے ہیں، شہبازشریف پریس کانفرنس میں 25 ارب روپے کا جواب دے دیتے تو اچھا ہوتا، شہبازشریف کو جون میں ہراساں کرنے کا خیال جولائی میں آیا، نیب اور ایف آئی اے میں پیشی کی ویڈیو ریکارڈنگ ہوتی ہے، نوازشریف شہبازشریف سزایافتہ مجرم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن آئے، افغان امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو دنیا نے سراہا، وزیراعظم نے واضح جواب دیا تھا کہ امن میں پارٹنر ہیں لیکن جنگ میں نہیں، آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے تمام حلقوں میں امیدوار کھڑے کیے ہیں، پیپلزپارٹی کے صرف 8 حلقوں میں امیدوار ہیں اس لیے بلاول بھی بھاگ گئے ہیں، مریم نواز کو کشمیر کی تاریخ کا علم ہی نہیں، جلد مریم نواز بھی راہ فراد اختیار کریں گی، شہبازشریف پریس کانفرنس میں 25 ارب روپے کا جواب دے دیتے تو اچھا ہوتا، شہبازشریف سے سوال پوچھیں توکہتے ہیں میٹرو بنائی اور پنجاب کی بڑی خدمت کی۔

(جاری ہے)

سندھ اور پنجاب کو جو پیسہ دیا گیا وہ لندن یا دبئی سے برآمد ہوا۔ پانامہ اسکینڈل سے ہمیں ان کی جائیدادوں کا پتہ چلا، دیگر ملکوں میں بھی جائیدادیں ہوسکتی ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت لوڈشیڈنگ ترسیلی نظام کی وجہ سے ہورہی ہے، پیداواری صلاحیت زیادہ ہے لیکن ترسیلی نظام کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ ترسیلی نظام میں 4 ہزارمیگاواٹ کا اضافہ کیا، ہم نے ساڑھے 24 ہزار میگاواٹ بجلی کی کامیابی سے ترسیل کی، اگر آپ نے بجلی کے سستے سودے کیے تو گردشی قرضے کیوں بڑھے؟ اس وقت کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، اگر کہیں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو وہ ترسیلی نظام کی کمزوری کیوجہ سے ہورہی ہے۔

معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ شہبازشریف کو لندن جانے نہیں دیا گیا اس لیے ان کی طبیعت ناساز ہے، کچھ دن پہلے شہباز شریف نے کہا کہ ایف آئی اے نے انہیں ہراساں کیا۔ سوالنامے میں کہا گیا تھا خود تشریف لائیں یا وکیل کے ذریعے جواب دیں، عوام کو گمراہ کرنے کیلئے یہ ان کا پرانا وطیرہ ہے، اداروں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں، شہبازشریف سے متعلق ٹی ٹی کا کیس ان کے ذاتی اثاثوں سے متعلق ہے۔

کوئی ٹی ٹی بھیجنے والا اس ملک میں گیا ہی نہیں، شہبازشریف بیل آرڈر پر قوم کو گمراہ کررہے ہیں، لندن نہ جانے پر ’’شہبازشریف چھوئی موئی شریف‘‘ بن چکے ہیں، شہبازشریف اور نوازشریف سزایافتہ مجرم ہیں، شہبازشریف کا حالیہ لطیفہ یہ ہےکہ ایف آئی اے نے ہراساں کیا، اب ایسی طلبیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے، ایک شخص نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی اور شہبازشریف سے ملاقات میں ایک کروڑ کا چیک دیا، وہ چیک اس ملازم کے اکاوَنٹ میں جمع ہوا جو فوت ہوچکا ہے، حمزہ شہباز سے سوالات ہوئے تو انہوں نے کہا وقت ایک سا نہیں رہتا بدلتا رہتا ہے، یہ اس طرح اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات