پاکستان پیپلزپارٹی کے آزاد جموں و کشمیر کے تمام حلقوں میں نامزد امیدوار موجود ہیں، شازیہ مری

بلاول بھٹو کے دورہ امریکا پر انگلی اٹھانے والے پہلے اسرائیل کے دورے کے الزام کی وضاحت کریں،بیان

پیر 12 جولائی 2021 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنسز پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے آزاد جموں و کشمیر کے تمام حلقوں میں نامزد امیدوار موجود ہیں، فواد چوہدری آزاد کشمیر کے چند حلقوں میں پی پی پی امیدواروں کا دعوی کرکے جھوٹ پھیلارہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ فواد چوہدری کے جھوٹ کو نشر یا شائع کرنا پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، فواد چوہدری نے اطلاعات کی وزارت کے بجائے پروپیگنڈے کی وزارت کا منصب سنبھال لیا ہے، بلاول بھٹو نے جب آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم شروع کی تو اس کے بعد پی ٹی آئی کو کشمیریوں کی یاد آئی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کے امریکا جانے سے پی ٹی آئی کو اس لئے زیادہ تکلیف ہوئی کہ عمران خان کو امریکی صدر نے افغان مسئلے پر فون تک نہیں کیا، بلاول بھٹو کے دورہ امریکا پر انگلی اٹھانے والے پہلے اسرائیل کے دورے کے الزام کی وضاحت کریں۔

انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو مظفرآباد میں بھی جلسہ کریں گے اور باغ میں بھی عوام سے خطاب کریں گے، بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر کی انتخابی مہم ختم کرنا پی ٹی آئی کی خواہش ضرور ہوسکتی ہے تاہم اس میں کوئی حقیقت نہیں، جس طرح پی ٹی آئی نے 200 ارب ڈالر امریکا کے منہ پر مارے ہیں، اسی طرح صدر زرداری سے 33 ارب روپے بھی وصول کرلئے۔ صدر زرداری سے 33 ارب روپے برآمدگی کے الزام پر پی پی پی پی سیکریٹری اطلاعات نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ جو چاہے آپ کا حسن کرشمہ ساز کرے۔