کشمیر اسمبلی انتخابات میں عوام 25 جولائی کوپی ٹی آئی کو مسترد کردیں گے،پیر محفوظ مشہدی

کامیابی مسلم لیگ ن ہی کی ہوگی ، جے یو پی کا بھرپور حمایت کا اعلان

پیر 12 جولائی 2021 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2021ء) جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم )کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حکومت کی دھاندلی بری طرح ناکام ہوگی۔ جے یو پی مسلم لیگ نون کی آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھر پور حمایت کا اعلان کر چکی ہے ۔ عوام 25 جولائی کو ظالم حکومت سے مہنگائی، بیروزگاری، کشمیر پر سودے بازی اور جمہوری اداروں کی بے توقیری کا بدلہ لیں گے ۔

پی ٹی آئی کو مسترد کردیں گے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ،اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کشمیری عوام کی خدمت کی ہے اور کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اٹھایا ہے۔ انشاء اللہ کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی مسلم لیگ ن ہی کی ہوگی ، جس کی جمعیت علمائے پاکستان نے بھرپور حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے مرکزی دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں پیر اقبال شاہ،پیر واجد علی گیلانی ، ذوالفقار احمد ججہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ عوام اتنے بیوقوف نہیں کہ حکومت سے زخم کھانے کے بعد بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں ۔حکومت کو شکست کا اتنا خوف ہے کہ وفاقی وزرا کھلے عام سیاسی رشوت دے رہے ہیں۔انتخابات میں پیسے کے استعمال اور دھاندلی کا الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

اتنی بدنامی کے بعد بھی جیت مسلم لیگ ن ہی کی ہوگی۔تو پی ٹی آئی دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گی۔ حکومت کی طرف سے سیاسی رشوت کے طور پر پیسوں کا استعمال اورترقیاتی منصوبوں کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عوام کے دل خریدے نہیں جاسکتے۔عوام مسلم لیگ ن کی پانچ سالہ خدمت کو یاد رکھیں گے۔ اور آئندہ بھی خدمت کا موقع دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اسمبلی میں جیت مسلم لیگ ن ہی کی ہوگی ۔چونکہ مسلم لیگ ن ، اورنواز شریف کا بیانیہ پاکستان کی خودمختاری، آئین کی بالادستی اور کشمیری عوام کی ترجمانی ہے۔ عمران خان کشمیر کا سودا کرچکے ہیں ۔مسئلہ کشمیر کے مجرموں کو آزاد کشمیر کے عوام عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے ۔