ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے سیلز ٹیکس زیرو فیصد کیا جائے‘خادم حسین

ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے برآمدی شعبہ کو مراعات دی جائیں‘ سینئر نائب صدر فیروز پور بور ڈلاہور

پیر 12 جولائی 2021 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ و ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار اور مستحکم معاشی ترقی ،اور ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ایکسپورٹر کے مطالبہ پر سیلز ٹیکس زیروفیصد کیا جائے ۔

نیز صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے بجلی، گیس ٹیرف میں کمی اور ملکی مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے بیرون ملک تعینات ٹریڈ آفیسرز کو متحرک کیا جائے تاکہ ملکی مصنوعات کی بیرون ملک برآمدات میں اضافہ ہوسکے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹرکیلئے ڈی ایل ٹی ایل آئندہ سال بھی جاری رہنے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کی طرح دیگر برآمدی شعبوں کو بھی مراعات دی جائیں تاکہ وہ ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرکے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں اس سے حکومت کو مزید بیرونی قرضے لینے سے نجات ملے گی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔