اٹلی میں یورو کپ کے جشن کے دوران ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

یورو کپ کی فتح کے جشن کے دوران ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا گیا،برطانوی میڈیا کا دعویٰ

منگل 13 جولائی 2021 12:10

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) یورو کپ 2020 کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر اٹلی کی ٹیم نئی یورپیئن چیمپیئن بن گئی اور اٹلی میں منائے گئے فتح کے دیوانہ وار جشن کے دوران ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق فتح کے جشن میں شرکت کے لیے تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والا 22سالہ نوجوان سسلی کے علاقے کیلٹا گیرون میں کار حادثے میں ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

اٹلی کے مشہور شہر میلان میں میچ کے بعد جشن منانے والے 15 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے، ان میں سے ایک شخص آتش بازی کے دوران اپنی تین انگلیوں سے محروم ہو گیا۔جنوبی شہر فوگیا میں ایک شخص نے جشن کے ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔حملے میں مقتول کی بھتیجی بھی زخمی ہو گئی اور اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اٹلی نے یورو کپ کے فائنل میں میزبان انگلینڈ کو شکست دے کر فتح حاصل کر لی۔

متعلقہ عنوان :