سعودی حکام نے عازمین حج کو اہم وارننگ جاری کر دی

جو عازمین حج اگلے 48 گھنٹوں کے اندر ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائیں گے، ان کے حج اجازت منسوخ کر دیئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 جولائی 2021 14:05

سعودی حکام نے عازمین حج کو اہم وارننگ جاری کر دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جولائی2021ء) ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش زندگی میں کم از کم ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنا ہے۔کورونا وبا سے پہلے ہر سال تقریباً 20 لاکھ سے زائد افراد حج کی سعادت کرتے تھے، تاہم اس موذی وبا کی وجہ سے مسلسل دو سال تک لاکھوں حاجی یہ سعادت کرنے سے محروم ہیں۔ اس سال بھی صرف ساٹھ ہزار افراد کو حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اور یہ تمام افراد سعودیہ میں ہی مقیم ہوں گے۔ غیر ملکیوں کو حج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔مناسک حج کا آغاز اگلے دو تین روز میں ہونے والا ہے۔ اس حوالے سے حکام نے اہم وارننگ جاری کر دی ہے۔ سعودی نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاط مشاط نے حج اجازت نامہ حاصل کرنے والے خوش نصیبوں سے کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں کے اندر اندر کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوالیں۔

(جاری ہے)

جو لوگ اس وقت کے اندر دوسری خوراک نہیں لگوائیں گے، ان کے حج اجازت نامے منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ جس کی وجہ سے وہ یہ عظیم سعادت حاصل نہیں کر پائیں گے۔انہوں نے حاجیوں سے اپیل کی کہ عازمین کو ویکسین کی خوراک لگوانے کے لیے کسی پیشگی بکنگ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ وہ کسی بھی قریبی ویکسی نیشن سنٹر میں جا کر خوراک لگوا لیں۔ حج اجازت نامہ دکھا کر فوری ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔ 48 گھنٹے کی مہلت ختم ہونے کے بعد ویکسین کی دوسری خوراک نہ لگوانے پر حج اجازت نامے خود کار طریقے سے منسوخ ہو جائیں گے۔ اس لیے اس معاملے میں ذرہ برابر بھی حج سے محرو می کا باعث بن سکتی ہے جس کا دُکھ ساری زندگی ختم ہونے والا نہیں ہے۔