ْملک پر نااہلوں کا ٹولہ مسلط ہے، جس کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں‘محمد جاوید

جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم نے عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیا‘جماعت اسلامی پنجاب وسطی

منگل 13 جولائی 2021 14:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی قصوری نے کہا ہے کہ ملک پر نا اہلوں اور جاہلوں کا ٹولہ مسلط ہے۔ جس کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعویدار وزراء اپنے حلقوں کے عوام سے ہی پوچھ لیں کہ لوڈشیڈ نگ کتنی کم ہوئی ہے ۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ کوئی ایک کام بھی ڈھنگ سے ان سے نہیں ہوتا۔ عوام کب تک ان کے بول بچن پر اعتبار کریں۔ ترقیاتی منصوبوں ٹھپ پڑے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ کا نصف خرچ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک جمود کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے فلاح وبہبود کے سارے کام بند ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے کوئی واضح میکنزم موجود نہیں۔ نا اہل حکمران اور روایتی بیوروکریسی نے عوام کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صرف 10 ارکان کا شریک ہونا شرمناک ہے۔ صوبے کے 12کروڑ عوام کا کوئی والی وارث نہیں۔ اسمبلیاں جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں سے بھری پڑی ہیں۔

عوام کے حقوق کی بات کرنے والا کوئی نہیں۔ جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم نے عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیا ۔ اقتدار میں نہ رہتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ المیہ یہ ہے کہ پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے 436پاکستانیوں کے خلاف جب تک کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی اس وقت تک احتساب کا سارا عمل مشکوک رہے گا۔