سعودی حکام نے حج کے موقع پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو خبردار کر دیا

بغیر اجازت نامے والے افراد کو حج مقامات پر پہنچانے والوں کو قید اور بھاری جرمانہ ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 جولائی 2021 15:09

سعودی حکام نے حج کے موقع پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو خبردار ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جولائی2021ء ) حج بیت اللہ سعودی عرب میں گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی حج صرف مملکت میں مقیم تارکین اور سعودی شہریوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اس بار صرف 60 ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ صرف وہی لوگ حج ادا کر سکیں گے جنہیں سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حج کے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) نے بھی وارننگ جاری کر دی ہے کہ کسی بھی مقامی یا غیر ملکی شہری کے پاس اگر حج کا اجازت نامہ موجود نہیں ، تو اسے حج مقامات تک پہنچانے کی غلطی نہ کریں۔

اس طرح کا ایڈونچر کرنے والے ڈرائیورز یا گاڑی مالکان کو سخت سزاؤں سے پالا پڑے گا۔ جوازات حکام کے مطابق اگر کوئی شخص، بغیر اجازت نامے والے کسی فرد کو حج مقامات پر پہنچانے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا تو اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس پر مقدمہ چلا کر چھ ماہ قید کی سزا دی جائے گی اور پچاس ہزار ریال کا جرمانہ بھی عائد ہوگا۔ اس شخص کی مقامی اخبارات میں تشہیر بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس حج سیزن کے دوران مسجد الحرام اور اس کے مضافات اور مشاعر مقدسہ یعنی منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں بغیر اجازت نامے کے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم مزید افراد بغیر اجازت حج مقامات کی جانب جانے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے ہیں۔ حج سیکورٹی فورسزکمانڈ کے سرکاری ترجمان بریگیڈیر جنرل سامی الشویرخ نے بتایا ہے کہ حج مقامات (مسجد احرام اور آس پاس کے علاقے اور منیٰ، مزدلفہ، عرفات) تک پہنچنے کی کوشش کرنے پر3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حج ہدایات کی خلاف ورزی کے مرتکب ان افراد پر فی کس 10 ہزار ریال کا جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا ہے۔ دو روز قبل بھی حج مقامات کی جانب جانے کی کوشش کرنے پر 20 افراد کو گرفتار کیا گیاتھا، جن کے پاس حج اجازت نامے موجود نہیں تھے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ بغیر اجازت نامہ حج مقامات کی جانب جانے کی پابندی 5 جولائی 2021ء (( 25 ذی قعدہ 1442ھ) سے 23 جولائی ( 13 ذی الحجہ 1442ھ) تک نافذالعمل ہوگی۔

اگر کوئی مقامی یا غیر ملکی اس خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس پر 10 ہزر ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کہنا ہے کہ کہ حج سیزن کے دنوں میں منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں سخت سیکیورٹی کر دی گئی ہے۔ اگر کوئی غیر ملکی بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کی کوشش کرتا ہوا پکڑا گیا یا حج ہدایات کی خلاف ورزی کی تو اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اورآئندہ وہ کسی بھی ویزے پر مملکت میں داخل نہیں ہو سکے گا، جبکہ بے دخلی سے قبل جرمانہ بھی بھرنا ہو گا۔ جو ٹرانسپورٹ کمپنی لائسنس کے بغیر کسی کو حج کے بغیر لے جائے گی اسے سزا دی جائے گی۔وزارت داخلہ نے تمام تارکین اور مقامی باشندوں کو تاکید کی ہے کہ وہ حج سیزن کے دوران سرکاری احکامات و ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔