Live Updates

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں،امتیاز شیخ

بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ سندھ میں پندرہ پندرہ ، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،وزیر توانائی سندھ

منگل 13 جولائی 2021 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے منگل کو اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر غلط بیانی کررہے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ سندھ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہاتوں میں پندرہ پندرہ، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے روزانہ لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔

کراچی کے شہری بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بار بار کی آنکھ مچولی سے تنگ ہیں لیکن وفاقی حکمرانوں کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 ہزار میگا واٹ روزانہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ سندھ بجلی کی شدید قلت سے دوچار ہے۔سندھ کے ساتھ دوہری ناانصافی ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں نہ تو ہمارے حصے کی بجلی مل رہی ہے نہ ہی ہماری گیس میں سے ہمارا حق دیا جارہاہے۔

سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ اور ریونیو بیسڈ لوڈ شیڈنگ کہہ کر شہری اور دیہی سندھ کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نااہل، ناکارہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی وجہ سے پورا ملک بجلی بحران کا شکار ہے ستم بالائے ستم یہ کہ فرنیس آئل کے مہنگی بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کا بوجھ پاکستان کے غریب عوام اٹھارہے ہیں۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ انرجی سیکٹر شدید بحران کا شکار ہے اور اس بحران کی بنیادی وجہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی خراب اور ناکارہ منصوبہ بندی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات