وکلاء کی ہڑتال :ایل این جی ریفرنس کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی

عدالتوں میں کیمرے لگنے کا حکومتی موقف کی پہلے دن سے تائید کررہے ہیں،شاہد خاقان عباسی عدالتوں میں کوئی انصاف نہیں،زبان بندی اور انتقام کی کوشش ہے ،یہ سلسلہ پہلے چلا ہے نہ اب چلے گا، احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 13 جولائی 2021 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2021ء) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہد خان عباسی عدالت پیش ہوئے جبکہ وکلاء ہڑتال کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے عدالت کو بتایاگیا کہ پاکستان بار کونسل کی کال پر وکلاء آج ہڑتال پر ہیں، جس پر عدالت نے بغیر کاروائی سماعت27 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وزیراطلاعات فواد چودھری کی جانب سے عدالتوں میں کیمرے لگانے کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں ،ہماری پہلے دن سے ڈیمانڈ ہے معلوم تو ہو ان عدالتوں میں ہو کیا رہا ہے، یہاں کوئی انصاف نہیں ہے، زبان بندی اور انتقام کی کوشش ہے،یہ سلسلہ نہ پہلے چلا ہے نہ اب چلے گا،اس ملک کے انصاف کے نظام کے بنیادی تقاضے پورے نہیں ہوتے،اس کیس میں ہمارے خاندان اور دوستوں کو ملوث کیا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس کیس کی حقیقت بالکل واضح کر دی ہے،اگر چیئرمین نیب قانون جانتے ہوں اور ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں تو ان پر حقیقت عیاں ہو جائے گی، پانچ سال کی حکومت میں نواز شریف دور کا کوئی کرپشن سکینڈل ملے تو ہم ذمہ دار ہیں،وفاقی وزراء کا نیب کے ساتھ کیا تعلق ہے جب وہ پریس کانفرنس کرتے ہیں تو پتہ چل جاتا ہے کہ نیب کون چلا رہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ مالی فائدے کا کوئی الزام نہیں ہے،ایسے کیسز کے بعد کوئی سرکاری افسر کام کرنے کو تیار نہیں ہے، سرکاری افسر کہتے ہیں جب تک نیب کا یہ نظام رہے گا کام نہیں ہو سکتا،احتساب کرنا ہے تو پتہ کریں کہ چینی میں سات سو ارب کس نے کھایا،ہر ہفتے حکومت کا نیا سکینڈل سامنے آتا ہے لیکن نیب کو نظر نہیں آتا، بدقسمتی ہے تاریخ نہ عمران خان نے پڑھی ہے نہ اسکے کرائے کے وزراء نے نہ ہی چیئرمین نیب نے،جنہوں نے ہمارے گریبان پر ہاتھ ڈالا ہے ان کے گریبان پر بھی کوئی ہاتھ ڈالے گا۔