یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

منگل 13 جولائی 2021 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم شہداء کشمیر کے موقع اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر 13جولائی 1931کے شہداء کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا جنہوںنے ڈوگرہ سامراج کی شخصی حکومت کے خلاف اپنی قیمتی جانوںکا نذرانہ پیش کیاتھا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ 13جولائی 1931کو جموںوکشمیرکی تاریخ میں ایک اہم سنگھ میل کی حیثیت حاصل ہے اور اس کے بعد جموںوکشمیر میں آزادی کی خاطر جتنے بھی کشمیریوںنے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیاوہ 13جولائی 1931کے شہداء کا تسلسل ہے۔ انہوںنے کہاکہ 1931کے شہداء کی روشن کی ہوئی شمع حریت کو روشن رکھنے اور بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر جاری سنگین پامالیوںاور کالے قوانین کے نفاذ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں حقوق انسانی کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ انہوںنے کہاکہ 1931کے شہداء نے کشمیری قوم کو آزادی کی راہ دکھائی اوران کے مشن کی تکمیل کیلئے اب تک لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے۔

اس موقع پر جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ مقررین نے کہاکہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے تاہم کشمیری عوام بھارت کے کسی بھی ظالمانہ ہتھکنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے اور ظلم و تشدد ،گرفتاریوں اور قتل عام کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا۔

حریت قائدین نے کہاکہ کشمیریوںکی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ مقررین نے حالیہ دنوں مقبوضہ جموںوکشمیرمیںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے جموںوکشمیرمیں بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیاکہ جموںوکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیریوںکو ڈومیسائل دینے خلاف عالمی سطح پر مہم تیز کی جائے گی ۔