بھارت میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے مسلمانوں کو گرفتار کرنے کے لئے جھوٹی کہانیاں گھڑ رہے ہیں،سابق ڈی جی کیرالہ پولیس

منگل 13 جولائی 2021 22:48

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) بھارتی ریاست کیرالا میں پولیس کے سابق ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ بھارت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے الزامات پر لوگوں خاص کر مسلمانوں کو گرفتار کرنے کے لئے جھوٹی کہانیاںگھڑ رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق این سی استھانہ نے ایک ٹویٹ میں مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ القاعدہ جیسی تنظیموں کو دنیا سے ختم کردیا گیا ہے لیکن بھارتی پولیس کو ان کے تنظیمی ڈھانچے ہمیشہ اپنے ملک میں ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے پوچھا کہ آیا پولیس ایک ہی طرح کا جھوٹ بولنے سے تنگ نہیں آتی۔ دریں اثناء مسلمان خواتین کی آن لائن نیلامی کے چند دن بعد ہندوانتہاپسندوں کا ایک اور مذموم منصوبہ سامنے آیاہے۔اب وہ مسلمان خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے لئے ہندو مردوں کو ان سے شادی کرنے پر زوردے رہے ہیں تاکہ ان کو نجی ملکیت بنایا جائے۔ کانگریس کے اقلیتی ونگ کے چیئرمین عمران پرتاب گڑھی نے اترپردیش پولیس سے سوال کیا کہ وہ اس مسئلہ پر خاموش کیوں ہے۔ایک اور پیش رفت میں مدھیہ پردیش میں اندور پولیس کی سرکاری ویب سائٹ ہیک ہوگئی ہے۔ ہیکرز نے تمام ایڈیشنل ایس پیز کے ناموں کے ساتھ’’ کشمیرکو آزاد کرو‘‘ اور’’پاکستان زندہ آباد‘‘لکھاہے۔