محترمہ آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی مظفرآباد آمد پر تاریخی استقبال ہوگا‘فاروق اعوان

بدھ 14 جولائی 2021 13:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فاروق اعوان نے کہا ہے کہ محترمہ آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی مظفرآباد آمد پر تاریخی استقبال ہوگا، مظفرآباد میں جگہ جگہ پیپلز پارٹی کے جیالے یہ ثابت کرینگے کہ مظفرآباد پیپلز پارٹی کا منی لاڑکانہ ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے آزاد کشمیر آمد پر اپنی قیادت کا استقبال کرکے 25 جولائی کو پیپلز پارٹی کی کامیابی کی ضمانت دینگے، گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے جیت رہی ہے، اب محترمہ آصفہ بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی ریاستی انتخابی مہم میں شمولیت پیپلز پارٹی کو ناقابل شکست قوت میں بدل دیگی، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے جیالے اپنی قیادت کے استقبال کے لیے پرجوش ہیں، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں بالعموم اور مظفرآباد ڈویژن میں باالخصوص پیپلز پارٹی کے کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں جو انتہائی منظم انداز میں اپنی جماعتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، مظفرآباد ڈویژن میں پیپلز پارٹی کی قیادت کا والہانہ استقبال 25 جولائی کو تیر کی کامیابی کی ضمانت دیگا، انہوں نے کہا کہ حلقہ ہٹیاں دوپٹہ سے مبشر منیر اعوان ایڈووکیٹ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان کا جلوس پارٹی کی مرکزی قیادت کا استقبال کریگا اس حوالے سے ہٹیاں دوپٹہ کے کارکنان پیپلز پارٹی نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، 25 جولائی کی کامیابی کی علامت اور اشارے پیپلز پارٹی کے جلوس میں دینگے۔