مخالفین کا ریفرنڈم سے فرارکا ہر حربہ ناکام ہو گا ،چوہدری محمد یٰسین

سپریم کورٹ آف پاکستان نے این آئی آر سی کو سی ڈی اے میں ریفرنڈم کے انعقاد کا حکم دے دیا

بدھ 14 جولائی 2021 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور چوہدری محمد یٰسین نے مرکزی الیکشن آفس میں مجلس شوری کے اراکین ،مرکزی عہدیداران اور ممبران سوشل میڈیا ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا این آئی آر سی کو سی ڈی اے میں ریفرنڈم کے انعقاد کا حکم محنت کش طبقے کی فتح ہے ،ہمارے مخالفین جو مسلسل ریفرنڈم سے فرار کی کوشش میں لگے ہوئے تھے آج عدالتی فیصلے نے ان کے ہر حربے کو ناکام بنادیا ہے،سی ڈی اے مزدور یونین کا ہمیشہ سے موقف رہا کہ ہم اپنے مخالفین کو عوامی عدالت کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے تاکہ نوسربازوں کا ٹولہ اور اسکی بغل بچہ تنظیم جنہوں نے ڈبل بیسک ،پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،ملازمین کے بچوں کی بھرتی اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کے نام پر سینی ٹیشن کی نجکاری اور ملازمین کوانکی نوکریوں سے برطرف کرواکر ملازمین کے خلاف میر جعفر اور میر صادق کا کرداراداکیا ،مزدور یونین کی سالوں کی جدوجہد کے بعد پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ بنام سی ڈی اے مزدور یونین آنے کی وجہ سے ان مزدور دشمنوں نے محنت کشوں کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہ کروائی اور آج ایک بار پھر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے ملازمین کو مزید بیوقوف بنا کر اپنے اقتدار کو طول دینا چاہتے تھے لیکن عدالتی فیصلے نے آج ان کو مزدور کی عدالت میں لا کھڑا کیا اور سی ڈی اے کا محنت کش اپنے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے ان کا مکمل احتساب کرے گا ،سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران ،مجلس شوریٰ کے اراکین اور سوشل میڈیاٹیم بھرپور طریقے سے اپنی ریفرنڈم رابطہ مہم چلاتے ہوئے سی ڈی اے کے محنت کشوں تک مزدور یونین کا پیغام پہنچائیں اور اخلاقی دائرہ کارمیں رہتے ہوئے اپنے مخالفین کے جھوٹے پروپگنڈے اور الزامات کی سیاست کا منہ توڑ جواب دیں ،انشاء اللہ ریفرنڈم میں کامیابی سی ڈی اے مزدور یونین انتخابی نشان چاندستارہ کی ہو گی ۔