لیسکو میںپرکشش سیٹوں پر تبادلوں کے لئے سیاسی و غیر اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران کے خلاف شکنجہ تیار

کارروائی کیلئے وفاقی وزیر اور سیکرٹری توانائی کو اعتماد میں لے لیا گیا،پانچ افسران معطل، فہرست کی تیاری جاری ‘ ذرائع

بدھ 14 جولائی 2021 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہو ر الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )چوہدری محمد امین نے کرپشن کی مد میں پرکشش سیٹوں پر تبادلوں کے لئے سیاسی و غیر اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران کے خلاف شکنجہ کس لیا،کارروائی کے لئے وفاقی وزیر اور سیکرٹری توانائی کو اعتماد میں لے لیا گیا۔ لیسکو کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انکشاف کیا ہے کہ ایسے تمام افسران اور ملازمین جنہوں نے کرپشن کرنے کی غرض سے سیاسی و غیر سیاسی سفارشوں کی بنیاد پر پرکشش عہدوں پر تعیناتی کروائی ہوئی ہے یا ایسی تعیناتیوں کے خواہشمند ہیں ان کے خلاف شکنجہ کس لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں لیسکو کے پانچ افسران کو معطل بھی کیا جاچکا ہے، مذکورہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

لیسکو افسر کے مطابق تعیناتی حاصل کرنے کے لئے سفارش یا سیاسی دبائوڈلوانا ایمپلائز کنڈکٹ رولز کی شق نمبر 17 اور 27 کی سراسر خلاف ورزی ہے ،لیسکو میں سفارش کے کلچر کے خاتمے کے لئے ایک جامع ٹرانسفر / پوسٹنگ پالیسی کو 2018 میں بورڈ کی منظوری کے بعد لیسکو میں نافذ کیا گیا تھا جبکہ2020 کے اوائل میں چیف ایگزیکٹو کی منظوری سے ایچ آر ڈائریکٹر کی جانب سے تمام افسران اور ملازمین کے لئے ایک اور وارننگ لیٹر بھی جاری کیا گیا تھا تاہم کچھ ہی عرصے بعد چند کرپٹ افسران نے ان آرڈروں کو ہوا میں اڑا دیا۔

لیسکو افسر نے یہ دعوی بھی کیا کہ لیسکو میں ایسے تمام افسران اور ملازمین کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے اور جلد ہی محکمے میں موجود ان کالی بھیڑوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر اور سیکرٹری توانائی علی رضا بھٹہ کو مکمل اعتماد میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :