غیر ملکی کمپنی کا اینڈرائیڈ موبائل کی تیاری کیلئے مقامی کمپنیوں سے جوائنٹ ونچر خوش آئند ہے‘ سردار خان

حکومت میڈ ان پاکستان کی مہم کا بھی آغاز کرے تاکہ اربوں روپے کا درآمدی بل کم ہو سکے ‘موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

جمعرات 15 جولائی 2021 11:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے معروف غیر ملکی کمپنی کی جانب سے اینڈرائیڈ موبائل کی تیاری کیلئے پاکستان کی مقامی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کیلئے اس طرز کے معاہدے نا گزیر ہیں۔

ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے اپنے دفتر میں مقامی مینو فیکچررز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیںدنیا کی مارکیٹوں تک رسائی او رمضبوط گرفت کیلئے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہو گی ۔ نامور غیر ملکی موبائل کمپنی کا پاکستان کی مقامی کمپنیوں سے جوائنٹ ونچر کا معاہدہ موبائل انڈسٹری کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ہے ، حکومت کو چاہیے کہ مقامی موبائل مینو فیکچررز کو بھرپور سپورٹ مہیا کر ے تاکہ ان کمپنیوں کے تجربات سے استفادہ کر کے ہم معیاری مصنوعات کی تیاری کے قابل ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ میڈ ان پاکستان کی مہم کا بھی آغاز کرے تاکہ ہمارا اربوں روپے کا درآمدی بل کم ہو سکے جس سے ہمارا قیمتی زر مبادلہ بچ سکے گا ۔ سردار خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود پاکستان کی برآمدات کے حجم کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن کاوشیں کر رہے ہیںجس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔