ملک پانی کی کمی کی طرف بڑھ رہا ہے، شبلی فراز کا تشویش کا اظہار

پانی کے مسائل کی اصل وجہ ڈیٹا نہ ہونا ہے، فوری طور پر پانی کا ڈیٹا تیار کیا جائیگا ،ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پانی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا، وفاقی وزیر

جمعرات 15 جولائی 2021 14:08

ملک پانی کی کمی کی طرف بڑھ رہا ہے، شبلی فراز کا تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک پانی کی کمی کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ تشویشناک بات ہے،پانی کے مسائل کی اصل وجہ ڈیٹا نہ ہونا ہے، فوری طور پر پانی کا ڈیٹا تیار کیا جائیگا ،ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پانی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا،ہمیں واٹر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کیلئے جامع پالیسی بنانا ہوگی۔

جمعرات کو یہاں پی سی آر ڈبلیو آر کے تحت پانی کے مسائل پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر آبپاشی ہوتی ہے ،واٹر مینجمنٹ پر کئی ادارے کام کر رہے ہیں ،نہروں پر سمارٹ میٹرنگ سسٹم کا پائلٹ منصوبہ شروع کریں گے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے کہاکہ ہمیں واٹر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کیلئے جامع پالیسی بنانا ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ پانی کا مسئلہ میرے دل کے قریب ترین ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالی نے بہترین محل وقوع دیا،ہمارے بہترین لینڈ اسکیپ کے باوجود ہمیں پانی کی کمی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پانی کی کمی کی طرف بڑھ رہا ہے،جو تشویشناک بات ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سالانہ ستائیس ہزار بچے پانی سے پیدا ہونے والے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پانی کی بیماریوں کی وجہ سے ہزاروں بچے ہر سال موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان جیسی زرعی معیشت کیلئے یہ صورت حال تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے پتہ چلا کہ پانی کے مسائل کی اصل وجہ ڈیٹا نہ ہونا ہے،میں نے فوری طور پر پانی کا ڈیٹا تیار کرنے کا کہا۔ انہوںنے کہاکہ میری وزارت سنبھالنے کے چند روز کے اندر سی ڈی اے کے ساتھ اشتراک ہوا۔

انہوںنے کہاکہ پی سی آر ڈبلیو آر اور سی ڈی اے نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے،میں نے پانی پر قومی اور بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا کہا،کانفرنس پانی کے مسائل کے حل کیلئے سنگ میل ہوگی۔اس موقع پر پی سی آر ڈبلیو آر اور سی ڈی اے نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے اور عزم کیا کہ مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پانی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ وفاقی وزیر شبلی فراز کی ہدایت پر سی ڈی اے کو پانی سے متعلق تین خطوط لکھے ہوئے ہیں، سطح زمین اور زیر زمین پانی کی بحالی کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مل کر گراونڈ واٹر ریگولیٹری فریم ورک بنا رہے ہیں، اسلام آباد کے آئی ٹین کو پانی کے حوالے سے ماڈل سیکٹر بنائیں گے، فوڈ سیکیورٹی کے مسائل بھی پانی کی سیکیورٹی سے وابستہ ہیں۔