سندھ ہائیکورٹ کا نیب تحقیقات کیخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت پر وارنٹ گرفتاری سے متعلق رپورٹس پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار

جمعرات 15 جولائی 2021 23:21

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے نیب تحقیقات کیخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت پر وارنٹ گرفتاری سے متعلق رپورٹس پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس فہیم احمد صدیقی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو چیئرمین نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے متعلق نیب تحقیقات کیخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

وارنٹ گرفتاری سے متعلق رپورٹس پیش نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے دو دو ماہ کی مہلت کے باوجود رپورٹس پیش نہیں کرتے۔ یہ ہے آپ کی کارکردگی آج کے دور میں واٹس ایپ سے ہی معلومات حاصل کرلی جاتی ہیں۔ آپ سے اتنا نہیں ہوتا کہ چیئرمین نیب سے پوچھ کر جواب جمع کرا دیں۔ آج ہی بتائیں، کس کس کیس میں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔ لارجر بینچ نے حال ہی میں وارنٹ گرفتاری سے متعلق فیصلہ دیا ہے۔ صرف ان ملزمان کو ضمانت کی ضرورت ہے جن کے وارنٹ جاری کیے ہوں۔ نیب کی وجہ سے کیسز میں تاخیر ہو رہی ہے۔