ایف پی سی سی آئی کی خواتین تاجروں کے لیے ون ونڈو سہولت،علیحدہ ڈیسک کے قیام کی تجویز

4گھنٹے میںکمپنی رجسٹریشن ، خواتین تاجروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے، رجسٹرار سید افتخار الحسن ، فوزیہ رشید کمپنی لوگو کی نقالی ، خواتین تاجروں کو مساوی کاروباری مواقع ، ہراساں کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، نازلی عابدنثار

جمعرات 15 جولائی 2021 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیٹی آف پاکستان( ایس ای سی پی) نے خواتین تاجروں کو کاروبار کرنے اور کمپنی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کرنے یقین دہانی کروائی ہے اور ساتھ ہی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کی وومن انٹرپرینور قائمہ کمیٹی کی کنوینر ،سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی نازلی عابد نثار کی درخواست پر ایس ای سی پی میں خواتین تاجروں کی معاونت کے لیے ون ونڈو سہولت کے قیا م پر غور کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

ایس ای سی پی کے ایڈیشنل رجسٹرار سید افتخار الحسن نقوی اور رجسٹرار فوزیہ رشید نے ایف پی سی سی آئی میں منعقدہ وومن انٹرپرینور قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں خواتین تاجروں کوکمپنی رجسٹریشن میں حائل مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور شرکاء کو بتایا کہ کمپنی رجسٹریشن کے دورانیے کو کم سے کم کیا جارہاہے جبکہ طریقہ کار کو بھی آسان بنایا گیا ہے نیز اگر کوئی کمپنی لوگو کی نقالی کرتا ہے یا غیر قانونی طور پر کسی اور کا لوگو استعمال کرتا ہے تو اس کے خلاف فوری پٹیشن دائر کی جائے جس کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حنیف لاکھانی، وومن انٹرپرینور قائمہ کمیٹی کی کنوینر ، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی ، سابق نائب صدر وومن چیمبرز آف کامرس ساؤتھ نازلی عابد نثار، سندھ بار ایسوسی ایشن، کونسل کی رکن اور ہائی کورٹ کی وکیل لبنیٰ امان، خاتون ایس ایچ او حنا مغل، فرح خان، شمی خان، اقرا ثاقب، افضالہ شاہین، یاسمین عارف، طوبیٰ احمد، نصرت، ارم فواد، ذیشان شیخ، فائزہ احمد، رابیعہ، وومن چیمبر آف کامرس کی سینئر نائب صدر بسمہ بدر، نائب صدر سعدیہ خالد، فریم فیصل اور روبینہ لئیق نے بھی شرکت کی۔

وومن انٹرپرینور قائمہ کمیٹی کی کنوینر ، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی ، سابق نائب صدر وومن چیمبرز آف کامرس ساؤتھ نازلی عابد نثارنے ایس ای سی پی حکام سے خواتین تاجروں کے لیے کاروباری سہولتوں کی فراہمی اور کمپنی رجسٹریشن کو آسان بنانے کی درخواست کرتے ہوئے ون ونڈو سہولت اور علیحدہ ڈیسک کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اور برابری کی بنیاد پر کاروباری مواقع فرہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ خواتین تاجروں کوکاروباری تحفظ فراہم کرنے کے قوانین وضع کیے جائیں۔

خواتین تاجروں کو اپنے ٹریڈ مارک، لوگو اور پیٹنٹ کو ضرور رجسٹر کروانا چاہیے تاکہ کوئی دوسرا غیر قانونی طور پر اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ نازلی عابد نثار نے نے خواتین کو دفاتر ہراساں کیے جانے کے سدباب، سائبر کرائم پروٹیکشن اور بنیادی حقوق دینے پر بھی زور دیتے ہوئے ایسے قوانین وضع کرنے چاہیے کہ خواتین کو ہراساں نہ کیا جاسکے اور انہیں کاروبارکرنے میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ انہوں نے کمپنی رجسٹریشن کے دوانیے کو کم کرنے سے متعلق ایڈیشنل رجسٹرا ر ایس ای سی پی کی جانب سے 4گھنٹے میں تمام امور کو انجام دینے کی یقین دہانی کوبھی سراہا ۔