Live Updates

آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیں گے ،وزراء

حلفا کہتا ہوں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوئی تجویز نہیں اور نہ ایسی بات سوچی جاسکتی ہے ، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے سے متعلق ن لیگ کا پراپیگنڈہ جھوٹ پر مبنی ہے ، فاروق حیدر کا یہ بیانیہ نواز شریف کی دی گئی لائن ہے ،ریاست اور اداروں کے خلاف بولو، ہمارا کشمیر پر موقف بالکل واضح ہے ،کشمیر کا فیصلہ کشمیری کریں گے ،الیکشن 25جولائی کو ہورہے ہیں اور ابو بچائو تحریک کے 2بچے پہلے ہی دھاندلی کے الزامات عائد کررہے ہیں ،آزاد کشمیر میں دھاندلی نہیں ہورہی ،ان کے کرتوت ان کی شکست کا باعث بن رہے ہیں ، ہم آزاد کشمیر کے عوام سے کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کرینگے ،علی امین گنڈا پور آزادکشمیر کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے یہی وجہ ہے کہ ابو بچائو مہم کے دو کردار قبل از وقت دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں،مراد سعید

جمعرات 15 جولائی 2021 23:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیں گے ، حلفا کہتا ہوں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوئی تجویز نہیں اور نہ ایسی بات سوچی جاسکتی ہے ، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے سے متعلق ن لیگ کا پراپیگنڈہ جھوٹ پر مبنی ہے ، فاروق حیدر کا یہ بیانیہ نواز شریف کی دی گئی لائن ہے ،ریاست اور اداروں کے خلاف بولو، ہمارا کشمیر پر موقف بالکل واضح ہے ،کشمیر کا فیصلہ کشمیری کریں گے ،الیکشن 25جولائی کو ہورہے ہیں اور ابو بچائو تحریک کے 2بچے پہلے ہی دھاندلی کے الزامات عائد کررہے ہیں ،آزاد کشمیر میں دھاندلی نہیں ہورہی ،ان کے کرتوت ان کی شکست کا باعث بن رہے ہیں ، ہم آزاد کشمیر کے عوام سے کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کرینگے ۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار خواجہ فاروق احمد کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ورکر کنونشن سے خطاب رہے تھے۔ورکر کنونشن سے وفاقی وزیر مراد سعید ، وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی و تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس، امیدوار اسمبلی حلقہ 3سٹی خواجہ فاروق احمد اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔

عمران خان کا ویژن ہے کہ جو علاقے تعمیر وترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں ۔ انہیں خصوصی ترقیاتی پیکیج دے کر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے ۔ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے 500ارب کا ترقیاتی پیکج دیں گے، اس پیکج میں سوئی گیس، ائیرپورٹس کی بحالی و تعمیر نو، شاہرات کی تعمیر و اپ گریڈیشن ، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے منصوبوں کی تکمیل ،سیاحت و ہائیڈل کے شعبہ جات کی ترقی، عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی، نیلم جہلم پراجیکٹ کے تحت منظور شدہ عوامی و ماحولیاتی منصوبوں کی تکمیل شامل ہیں تمام قومی نوعیت کے منصوبوں کا دائرہ کار آزادکشمیر تک بڑھایا جائے گا، صحت کارڈ ،احساس پروگرام، ہائوسنگ پراجیکٹ اور نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضوں کے منصوبے آزادکشمیر میں بھی دئیے گئے ہیں اور قومی منصوبوں میں آزادکشمیر کا حصہ مزید بڑھائیں گے، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے یے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے، آزادکشمیر حکومت کو ان کے پیش کردہ بجٹ کے مطابق بروقت فنڈز مہیا کیئے گئے، لیکن لیگی حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث یہ پیسہ خرچ ہی نہیں ہو سکا، لوہار گلی ٹنل کا منصوبہ جلد شروع ہو گا، آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے لیے بڑا پیکج دیں گے، سیاحت کی ترقی سے ریاست کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے، ہائیڈل کے منصوبے مکمل کر کے آزادکشمیر کو بجلی میں خود کفیل بنائیں گے اور ریاست کی آمدن میں اضافہ کریں گے، بڑیہ سپتالوں کو اپ گریڈ کر کے ان میں جدید طبی سہولیات مہیا کریں گے، نیلم جہلم پراجیکٹ کے تحت مظفرآباد میں مصنوعی جھیلوں کی تعمیر کے لیے واپڈا نے بروقت فنڈز دیئے لیکن حکومت آزادکشمیر اہم ماحولیاتی منصوبوں پر کام ہی شروع نہیں کر سکی یہ منصوبے بھی ہم مکمل کریں گے، آزاد کشمیر کو سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آزادکشمیر میں سوئی گیس کی فراہمی سے جنگلات کا تحفظ ممکن ہو گا اور سیاحت کے فروغ میں بھی سوئی گیس کی فراہمی اہمیت کی حامل ہے ، جنگلات بچیں گے تو سیاحت کا فروغ ممکن ہو سکے گا، مظفرآباد میں وویمن یونیورسٹی کیمپس ،3ڈگری کالجز کے قیام، 3آر سی سی پلوں کی تعمیر، دریائے نیلم پر جھیلوں کی تعمیر، پی ایس سی کی وفاق کی طرز پر تشکیل نو کے جو وعدے خواجہ فاروق احمد نے کیے ہیں انہیں ہم پورا کریں گے، ورکر کنونشن سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے یہی وجہ ہے کہ ابو بچائو مہم کے دو کردار قبل از وقت دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں یہ ان کی طرف سے شکست کا اعتراف ہے، آزادکشمیر کے اندر صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں ، بیس کیمپ حساس علاقہ ہے جہاں چھوٹی سی بات کو بھی ہماا دشمن بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے ، عوام نے اپنے ووٹ کے درست استعمال کے ساتھ ساتھ اس کا تحفظ بھی کرنا اور امن و امان کے خلاف سازشوں کو بھی ناکام بنانا ہے ، تحریک انصاف کا سینئر رہنما وزیر اعلی پنچاب کے معاون خصوصی تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر تحریک انصاف ناقابل تسخیر قوت بن چکی ہے، مخالفین اپنی شکست دیکھ کر منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا ہے ، اس وقت آزادکشمیر کو صوبہ بنانے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں یہ پاکستان اور کشمیر کے ساتھ غداری ہے محض الیکشن کے لیے قومی سلامتی جیسے معاملات پر سیاست قابل مذمت ہیں ، آزادکشمیر صوبہ نہیں بن سکتا، بیس کیمپ اس وقت تک موجود رہے گا جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا۔

ورکر کنونشن سے خطاب کے دوران میزبان خواجہ فاروق احمدنے کہا کہ آج مظفرآباد کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے ۔ پاکستان ، ریاست اور داروں کے خلاف دشمن کا بیانیہ لے کر آنے والوں کو آزاد کشمیر کے غیور عوام نے پہلے ہی مسترد کردیا ہے ۔ 25جولائی کو آزاد کشمیر میں تحریک انصاف تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی اور آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی آئے گی ۔

آزاد کشمیر کے عوام نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ریاست مخالف بیانیہ مسترد کردیا ہے اور اب عوام 25جولائی کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے دریا برد کریں گے ۔ پٹہکہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ہمیں معاشی طور پر غلام بنا دیا ہے ،ان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے،ہزاروں شہری اور فوجی شہید ہونے کے باوجود ہمیں کہا گیا کہ ہم وفادار نہیں ۔

علی امین گنڈاپورنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو منوایا ہے کہ ہم پر امن اور غیرت مند قوم ہیں اور وزیراعظم نے ہمیشہ سچے سفیر کی طرح دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے مسلہ کشمیر کو دوطرفہ مسئلہ بنا دیا جس کا خمیازہ کشمیری عوام آج تک بھگت رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے نتیجے میں فیصلے کا مکمل احترام کریں گے اور 5اگست 2019کے اقدامات واپس لینے تک بھارت سے کسی مسئلے پر بات چیت نہیں کی جائے گی ۔

علی امین گنڈا پور نے کہاکہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ممالک ہیں ، مسئلہ کشمیر کا مسلسل التوا خطے کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے کردار ادا کرے ، پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے ہر حد تک جائے گا ۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ ہمارا عزم سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کرنا ہے،پاکستان اور کشمریوں کے بچوں کا خون چوسنے والے کرپٹ حکمرانوں کو ہر گز معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ آج بلاول اورمریم کشمیر کو بدلنے کی باتیں کر رہے ہیں ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے ماضی میں کشمیری عوام کے لئے کیا کیا آزاد کشمیر میں خستہ حال روڈ انفراسٹرکچر انہیں سابقہ حکمرانوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز اس وقت کہاں تھی جب ایک طرف کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے تھی اور دوسری جانب شریف خاندان نے مودی کو شادی پر دعوت دے رکھی تھی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 25جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں سے حساب لیں گے اور عمران خان کے وژن کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میری آپ سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کے بہترین مستقبل کے لیے تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں تاکہ گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ صحت ، تعلیم ، توانائی کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف بھر پور کام کرے گی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پہلے پیپلز پارٹی والوں نے آزاد کشمیر کے 45 ارب روپے لوٹے اور پھر مسلم لیگ (ن) نے کشمیریوں سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے بجائے انہیں دھوکہ دیا اب وہ دوبارہ کشمیر کو بدلنے کی باتیں کر رہے ہیں ، الیکشن سے پہلے دھاندلی کا شور مچانا دونوں جماعتوں کا وطیرہ ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان کو 370 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا ہے اور اب الیکشن جیت کر ہم آزاد کشمیر کو 500 ارب کا ترقیاتی پیکیج دیں گے جس سے آزاد کشمیر میں ترقی کے ا یک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات