یو اے ای نے پاکستانیوں کیلیے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط واپس لے لی

جمعرات 15 جولائی 2021 23:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والے پاکستانی شہریوں کو فی الحال کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی ضرورت نہیں ہے۔متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے لازمی تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط واپس لے لی ہے، پاکستانی شہریوں کیلئے فلائیٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد اب صرف نادرا ویکسیشن سرٹیفیکیٹ ہی درکار ہوگا۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کے لیے دفتر خارجہ، سفارت خانے اور قونصل خانوں سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق لازمی نہیں، ترجمان دفتر خارجہ نے بھی نئی پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔اس سے قبل اماراتی سفارت خانے نے پاکستانی مسافروں کے لیے نادرا سے جاری ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی دفتر خارجہ اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق کرانے کی شرط عائد کی تھی۔