ریڈ بُک میں شامل دہشتگرد کراچی سے گرفتار

ملزم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ۔ سی ٹی ڈی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 جولائی 2021 11:13

ریڈ بُک میں شامل دہشتگرد کراچی سے گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جولائی 2021ء) : محکمہ انسداد دہشتگردی نے کارروائی کرتے ہوئے شہر قائد سے ریڈ بُک میں شامل کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی اورر ینجرزکی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں احمد علی عرف ٹی ٹی گرفتار ہوا، جس کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا گیا ہے۔

ملزم جیل میں موجود کالعدم تنظیم کے قیدی قاسم رشید کا ساتھی ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گرفتاردہشت گردنے 2011ء میں نمائش چورنگی پر 4 افراد جبکہ 2011ء میں ایم کیوایم کے یونٹ 174 کےکارکن موسیٰ رضوی کو قتل کیا تھا۔ ملزم 2011ء میں شاہراہ نور جہاں کی حدود میں شراب خانے پر فائرنگ میں بھی ملوث ہے، 2010ء میں ملزم نے ساتھی کے ہمراہ راولپنڈی میں تاجر سے 10 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا تھا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ ملزم جیل سے رہائی پانے والے دہشتگردوں کے ساتھ مل کر اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تفتیش کے دوران ملزم سے اہم شواہد اور معلومات ملنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ محکمہ داخلہ نے کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کردی، داعش دہشت گرد کے سر کی قیمت 25 لاکھ ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے 4 سال بعد دہشت گردوں سے متعلق معلومات پر مبنی ریڈ بک تیار کی تھی۔ ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے دہشت گردوں کے نام شامل ہیں۔کتاب میں دہشت گردوں سے متعلق معلومات کویکجا کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی حکام نےاس بارریڈبک میں مزید اضافہ کیا ہے، قوم پرست جماعت کےدہشت گردوں ، بی ایل اے، بے آر اے، ایس آر اے سمیت دیگر تنظیموں کے نام بھی ریڈ بک میں شامل ہیں۔