ساہیوال ، توہین عدالت،اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کے مقدمہ کے نامزد ملزم تھانہ بہادر شاہ کے ا یس ایچ اوکو معطل کردیا گیا

جمعہ 16 جولائی 2021 16:34

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) توہین عدالت،اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کے مقدمہ کے نامزد ملزم تھانہ بہادر شاہ کے ا یس ایچ اوکو معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق توہین عدالت اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کے مقدمہ کے نامزد ملزم تھانہ بہادر شاہ کے ایس ایچ او محمد اشرف کو معطل کر کے لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ انٹی کرپشن ساہیوال ابھی تک ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج چوہدری منیر حسین گل نے چھبیس اپریل کو تھانہ صدر کمالیہ کے ایس ایچ او غلام عباس اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف ایک رٹ پٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا لیکن محمد اشرف ایس ایچ او بہادر شاہ نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کی جس کے بعد ہائیکورٹ کے احکات کو بھی نظر انداز کردیا۔

(جاری ہے)

معاملہ دوبارہ عدالت کے نوٹس میں آنے کے بعد عدالت نے بارہ جون کو ایس ایچ او بہادر شاہ محمد اشرف کے خلاف کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا اور انٹی کرپشن ساہیوال سرکل نے چودہ جون کو عدالت کے ریڈر سید امتیاز احمد کی مدعیت میں ایس ایچ او بہادر شاہ محمد اشرف کے خلاف مقدمہ 166 ت پ اور 5247 پی سی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔

عدالتی احکامات کی پرواہ نہ کرنے کا معاملہ آئی جی کے نوٹس میں آنے کے بعد ڈی پی او کے حکم پر ایس ایچ او بہادر شاہ کو معطل کردیا گیا۔