حکومت نے صنعتی ملازمین اور ورک فورس کیلئے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا

جمعہ 16 جولائی 2021 20:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2021ء) حکومت نے صنعتی شعبہ میں کام کرنے والے ملازمین اور ورک فورس کیلئے کرونا سے بچائو کی ویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا ہے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں حکومتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر چوہدری طلعت محمود نے فیصل آباد چیمبرکے ممبروں سے کہا ہے کہ وہ اس اطلاع کے دو دن کے اندر اندر اپنے ملازمین کی ویکسی نیشن کروائیں اور اگر انہیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی مشکل پیش آئے تو وہ حکومت کے فوکل پرسن ڈاکٹر جنید سے ٹیلی فون پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید برآں فیصل آباد چیمبر نے تمام صنعتی اداروں کو ایک پر فارما بھی جاری کیا ہے جس میں فرم کے نام ، کل ملازمین، ویکسی نیشن کروانے والے یا کرونا کی پہلی خوراک لینے والے ملازمین کی تعداد کے علاوہ ویکسی نیشن نہ کرانے والی افرادی قوت کی تعداد بارے میں معلومات مہیا کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

یہ پر فارما کرونا کی روک تھام میں مصروف اداروں کو مہیا کیا جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے متعلقہ تجارتی ایسوسی ایشنوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے صنعتی مزدوروں کی فوری ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔ چوہدری طلعت محمود نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف فوری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔