Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن نگران حکومت (ن) لیگ کو فائدہ پہنچا رہی ہے‘ فردوس عاشق

سرکاری گاڑیاں (ن( لیگ کی انتخابی مہم میں استعمال ہو رہی ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر ن لیگی جلسوں پر عوام کا پیسہ خرچ کر رہے ہیں اساتذہ کی آن لائن لرننگ اور وراثتی سرٹیفکیٹ کو ڈیجیٹل کرنا بزدار حکومت کے بہترین اقدامات ہیں‘معاون خصوصی کی پریس کانفرنس

جمعہ 16 جولائی 2021 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اور صوبے کی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل قوم سے کئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے صوبے میں یکساں نصاب تعلیم کے حوالے اساتذہ کی تربیت کیلئے آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم کا آغازگزشتہ روزسے کردیاہے۔

محکمہ تعلیم کی بحالی اور بہتری پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم کی بدولت سرکاری و نجی سکولوں کے اساتذہ ایک ساتھ بیٹھ کر باآسانی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے آن لائن تربیت حاصل کررہے ہیں۔

2500اساتذہ کو پرائیویٹ سیکٹر سے ٹریننگ کے لئے لایا گیا ہے جبکہ 365دفاتر اس کا حصہ ہوں گے۔ مائیکرو سافٹ کے ساتھ مل کر سرکاری و نجی سکولوں کے اساتذہ کو پانچ لاکھ لائسنسز دیئے جا رہے ہیں۔ابھی تک تین لاکھ نجی و سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو لائسنس دیئے جا چکے ہیں۔ہم اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے تربیت دے کر ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی خدمت میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے وراثتی سرٹیفکیٹ کو ڈیجیٹل کر دیا ہے۔ اب وراثتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار پٹوارخانے سے نکال کر نادرا میں منتقل کر دیاگیا ہے۔ قانونی ورثہ عدالتوں سے رجوع کئے بغیر نادرا سے 15دنوں کے اندر سکسیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔جن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے پاکستان آنا پڑتا ہے اب وہ بیرون ملک ہی بائیومیٹرک تصدیق سے سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ کشمیر میں جعلی راجکماری اور کنیزیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کردارکشی اور قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔امین گنڈاپور پر ن لیگ کے غنڈوں نے ٹارگٹ کرکے جو حملہ کیا میں اس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کپتان کا ہے اور کشمیریوں کی جنگ لڑنے کیلئے ایک ہی مسیحاہے اور وہ عمران خان ہے۔

اداکاری اور شوبازی کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی کھودا پہاڑ نکلا چوہا ہی ہوگا۔ایک سوال کے جواب میںڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ میں 10لاکھ ہندوستانی فوجی بیلٹ باکس کے سرہانے کھڑے ہوکر کٹھ پتلی حکومت لاتے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں وزیراعظم عمران خان آزاد اور منصفانہ الیکشن کروانے جا رہے ہیں فرق صاف ظاہر ہے۔

کشمیر میںنگران حکومت ن لیگ کو فائدہ پہنچانے کیلئے مصروف عمل ہے۔پہلی دفعہ ایسا ہو رہا ہے کہ کیبنٹ ختم ہونے کے باوجود سرکاری گاڑیاں ن لیگ کی انتخابی مہم کیلئے استعمال ہو رہی ہیں۔سرکاری خزانے سے جعلی راجکماری کو وی آئی پی ہوٹلز میں ٹھہرایا جا رہا ہے اوروزیراعظم آزادکشمیر ن لیگ کے جلسوں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ہمارے ایک بھی کارکن کو خراش آئی تو ذمہ دار وزیراعظم آزادکشمیر ہوں گے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ جلسے کا بڑا یا چھوٹا ہونا کسی امیدوار کی کامیابی کی نوید نہیں۔ ان کے سب جلسوں پر ایک جیسے ہی چہرے نظر آتے ہیں۔کشمیری دونوں جماعتوں کو آزما چکے ہیں اور مریم نواز کی ادائوں کو سمجھ چکے ہیں۔انڈین میڈیا مریم کی بدکلامی اور بدزبانی کو نمایاں کر رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات