فیصل آباد، ایک پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں امن کے قیام اور خوشحالی کی ضمانت ہے،سردارظفرحسین خان

جمعہ 16 جولائی 2021 23:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2021ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں امن کے قیام اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغان عوام کی عظیم فتح اور امت مسلمہ سمیت دنیا کی تمام قوموں کے لیے جدوجہد اور روشنی کی نوید ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ اگر کسی قوم میں جذبہ حریت ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے ہمیشہ مغلوب نہیں رکھ سکتی ۔

انہوںنے کہاکہ انہیں امید ہے کہ افغانستان سے شکست کے بعد امریکہ اب کسی اور ملک پر حملہ کی جرأت نہیں کرے گا ۔پوری قوم کی خواہش ہے کہ افغان عوام ملک میں امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات کریں ۔ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ صرف افغان عوام کو کرنے کا حق ہے کوئی بھی دوسرا ملک اس میں مداخلت سے باز رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کا باہمی انتشار اور فرقہ وارانہ اختلاف پوری امت کے لیے روگ بن گیا ہے۔

عالمِ اسلام کشمیر، فلسطین، افغانستان میں عوامی امنگوں کا ترجمان اور پاسبان بن جائے تو یمن، لیبیا، شام، روہنگیا کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ مسلم ممالک کی سیاست اور اقتدار کی جو بھی صورتِ حال ہو، عالمِ اسلام کے مسائل حل کرنے پر اتحاد و وحدت ہی مسلمانوں کے لئے باعث اطمینان ہوگا۔ انہوںنے کہا ہے کہ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور افغانستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور امت مسلمہ کو اس کا عظیم ماضی واپس دے