نااہل سندھ حکومت سے نہ نالے صاف ہوسکے اور نا ہی نکاسی آب کا شہر میں کوئی انتظام ہوسکا، مصطفی کمال

ہفتہ 17 جولائی 2021 00:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ نااہل سندھ حکومت سے نہ نالے صاف ہوسکے اور نا ہی نکاسی آب کا شہر میں کوئی انتظام ہوسکا۔نالوں کی صفائی سے زیادہ نااہلوں کی صفائی کی ضرورت ہے۔ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے تعصب نے اللہ کی رحمت کو بھی شہریوں کے لیے عذاب بنا ڈالا ہے۔

جگہ جگہ پڑے کچرے کے پہاڑ بارش کے پانی کیساتھ گھروں میں گھس آئے ہیں۔ ہر سال بارشوں میں کرنٹ لگ کر نوجوان جانبحق ہورہے ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی کیونکہ حکمرانوں کے لیے اہل کراچی کی حیثیت بیگار مزدوروں کی سی ہے۔ ظالم، نااہل، کرپٹ اور متعصب حکمرانوں کے لیے اہل کراچی صرف ایک عدد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی ظلم کے خلاف کھڑی ہے، ہم کسی صورت قوم کو ظالم حکمرانوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ڈسٹرکٹ انچارز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل کے نام پر ایوانوں میں براجمان سیاسی جماعتوں نے کراچی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ہے۔ میں نے 300 ارب روپے شہر کراچی پر لگائے تو دنیا نے عالمی سطح پر کراچی کو دنیا کے بارہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل کرکہ کارکردگی کا اعتراف کیا، آج ہزاروں ارب روپے لگا کر کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہورہا ہے۔

ایک بارش نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناقص ترین کارکردگی کی اصلیت کھول دی ہے۔ سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث تھوڑی دیر کی بارش نے کراچی کو ڈبو دیا ہے۔ حکومت سندھ اور ادارہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عوام کو سہولیات دینے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ تھوڑی دیر کی بارش میں آدھے شہر کی بجلی معطل کردی گئی یہ کے الیکٹرک کی کارکردگی ہے جبکہ کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کرکہ مختلف کمپنیوں کو بجلی کی فراہمی کے لائسنس نہیں دیئے جائیں گے جب تک لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نہیں نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش میں کرنٹ لگ کر شہریوں کے جانبحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف سخت ترین کاروائی کا مطالبہ کیا۔