موجودہ حکومت کے مقابلے میں ملک کو زیادہ بہتر چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، افغان طالبان

ہفتہ 17 جولائی 2021 00:12

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2021ء) افغان طالبان کا دعویٰ ہے کہ افغانستان میں سیاسی سمیت کسی بھی نظام حکومت کو کابل حکومت کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ عرب نیوز کو انٹرویو میں ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ یہ ہمارا ملک ہے اور ہم نے یہاں طویل عرصے حکومت بھی کی ہے اور اب بھی ہمارے پاس حکومت چلانے والے اہل اور تجربہ کار لوگ موجود ہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ مستقبل میں افغانستان کے سیاسی سیٹ اپ سمیت کسی بھی نظام حکومت کو موجودہ حکومت سے زیادہ بہتر طریقے سے چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

جنگ بندی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سہیل شاہین نے کہا کہ پہلے ہمیں سیاسی روڈ میپ کے حل تک پہنچنا ہوگا جس پر سب اتفاق کریں اس کے بعد ہی سیز فائر پر غور کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں کئی سرحدوں اور کاروباری راہداریوں کا کنٹرول حاسل کرنے کے بعد کی صورت حال پر طالبان ترجمان نے کہا کہ جن علاقوں اور سرحدوں پر اسلامی امارات کی حکومت قائم ہوچکی ہیں وہاں لوگوں اور اشیائ کی آمد و رفت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ اب بغیر کرپشن اور ا?سانی سے تجارتی سامان کی ترسیل جاری رکھ سکیں گے۔

سہیل شاہین نے مزید کہا کہ طالبان کے زیر اثر علاقوں میں لوگ بہت خوش ہیں اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ترجمان طالبان نے اقوام متحدہ، دیگر عالمی اداروں اور ممالک سے مالی مدد کی اپیل کی ہے۔ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امریکا سے امن معاہدے میں ہم نے افغانستان کی سرزمین کو امریکا اور اس کے اتحادیوں سمیت دوسرے ممالک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہ دینے کا عہد کیا تھا اور اس حوالے سے القاعدہ کو بھی پیغام بھیج دیا ہے۔ سہیل شاہین نے ایک بار پھر اس دعوے کی تصدیق کی کہ طالبان نے 85 فیصد علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے اور تقریباً روز ہی افغان اہلکار سرنڈرز کر رہے ہیں۔