پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دیدیا

بابراعظم اور رضوان کی عمدہ نصف سنچریاں، صہیب مقصود،فخر اور حفیظ کی عمدہ باریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 جولائی 2021 00:09

پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دیدیا
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جولائی 2021ء ) پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا ہے۔ انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان محمد رضوان نے پراعتماد آغاز کیا۔

کپتان بابراعظم نے 35 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ،دوسرے اینڈ سے محمد رضوان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان اور بابراعظم نے پہلی وکٹ پر 150 رنز کی بہترین شراکت قائم کی۔ محمد رضوان 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، نئے آنے والے بلے باز صہیب مقصود نے پہلی ہی گیند پر چوکا مارا اور 7 گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،بابراعظم نے 49 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ویلی کی گیند پر بیئراسٹو کےہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد حفیط اور فخر زمان نے سکور221 تک پہنچایا، فخرزمان نے ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 8 گیندوں پر 26، محمد حفیظ نے 10 گیندوں پر ایک چوکا اور 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم نے 2 گیندوں پر 3 رنز بنائے تھے، وہ وکٹوں کے درمیان دوڑ لگاتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 232 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اعظم خان نے آؤٹ ہوئے بغیر ایک چوکے کی مدد سے3 گیندوں پر 5 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹم کیوران نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے معین خان کے صاحبزادے اعظم خان ڈیبیو کررہے ہیں ، پی سی بی کے مطابق اعظم خان ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 93 ویں کھلاڑی ہیں۔ اعظم خان ہارڈ ہٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ اور کیریبیئن لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔ صہیب مقصود کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن حیران کن طور پر عثمان قادر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا، صہیب مقصود، محمد حسنین اور عماد وسیم ٹیم میں شامل ہیں۔

مختصر فارمیٹ کے مقابلوں میں بھی انگلش ٹیم کا پلہ بھاری ہے، دونوں ٹیموں کا 18 بار آمنا سامنا ہوا جس میں قومی ٹیم صرف 5 میں کامیاب ہوسکی جب کہ 11میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2 میچ بے نتیجہ رہے۔