فلسطینی8 ذی الحج کو قبلہ اول پریہودی غنڈہ گردی ناکام بنائیں،اسلامی تحریک

شہدا کے اہل خانہ ،اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونیوالے فلسطینیوں اور اہل خانہ کو عیدالاضحی کے موقع پر یاد رکھا جائے، بیان

ہفتہ 17 جولائی 2021 13:13

فلسطینی8 ذی الحج کو قبلہ اول پریہودی غنڈہ گردی ناکام بنائیں،اسلامی ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) اسلامی تحریک نے فلسطینی مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ 8 ذی الحج کو یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پردھاوئوں کو ناکام بنانے کے لیے مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں اور مقدس مقام میں اس روز اجتماعی اعتکاف کریں۔اسلامی تحریک کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 ذی الحج کو مسلمان عید الاضحی کی تیاریاں کررہے ہوں اور مکہ مکرمہ میں فریضہ حج ادا کیا جا رہا ہوگا۔

ایسے میں یہودی آباد کاروں اور انتہا پسند صہیونیوں نے مزعومہ ہیکل سلیمانی کی مسماری کی یاد میں مسجد اقصیٰ میں جمع ہو کرتلمودی تعلیمات کے مطابق اشتعال انگیزی کا اعلان کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس کے فلسطینی مکانات مسماری اور املاک پرقبضے کے اسرائیلی حکام اور عدالتوں کے فیصلوں کو مسترد کردیں اور جبری ہجرت، مکانات کی مسماری اور املاک پرقبضے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

(جاری ہے)

اسلامی تحریک نے بیت المقدس کے ان فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کا مطالبہ کیا جنہیں قابض صہیونی ریاست کی طرف سے ان کے گھروں سے محروم کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ان مقامات میں الشیخ جراح، بطن الھویٰ، البستان اور وادی یاصول شامل ہیں جہاں کے باشندوں پر صہیونی حکام نے عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔اسلامی تحریک نے شہدا کے اہل خانہ اور اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں اور ان کے اہل خانہ کو عیدالاضحی کے موقعے پر یاد رکھنے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کی اپیل کی۔