ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر کا اپنی ٹیم کے ہمراہ کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن کے دفتر کا دورہ

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا ویژن ہمارا ایمان بدعنوانی سے پاک پاکستان ہم سب کا نعرہ ہونا چاہیے،مرزا عرفان بیگ

ہفتہ 17 جولائی 2021 16:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) قومی احتساب بیورو سکھر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر مرزا محمد عرفان بیگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن کے دفتر کا دورہ کیا اور آگاہی و تدارک ونگ کے تحت کی جانے والی بدعنوانی کی روک تھام کے پس منظر میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا ویژن ہمارا ایمان بدعنوانی سے پاک پاکستان ہم سب کا نعرہ ہونا چاہیے اور ہم سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا ۔

مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا کہ نیب معاشرے سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کررہی ہے انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات خصوصا حکومتی افسران و عملے پر زور دیا کہ اس جہاد میں نیب کا ساتھ دیں انہوں نے تمام شعبہ جات میں کردار سازمعاشرہ (کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی )کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیوری کریسی کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے اور ہم سب ایک ٹیم کا حصہ ہیں قانون اور ضابطہ کے مطابق کام کرنے والے خوفزدہ نہ ہوں ۔

منعقدہ اجلاس میں افسران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ڈی جی نیب سکھر نے شرکاکو بتایا کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کھلی کچہیریوں کے حوالے سے بتایا کہ نیب سکھر کھلی کچہیریاں منعقد کرتا ہے کوئی بھی شخص اپنی شکایت کرسکتا ہے جہاں کسی سفارش کی ضرورت نہیں ۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر آگاہی اور تدارک ونگ نیب سکھر محمد فہیم قریشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیر خلیق الزماں نے گمبٹ اسنٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل آفیسرز اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے نیب کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے تصور، نوجوانوں میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی ، تدارک جیسے اقدامات کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا سیشن کے دوران ڈاکٹروں اور طلبہ نے قومی تعمیر اور نیب کے اہداف کے حصول میں اپنے قومی جوش اور جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوال و جواب کیے۔