جے یوآئی سندھ کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ، اسلم غوری، عبدالکریم عابد

ہفتہ 17 جولائی 2021 18:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) جمعیت علما اسلام کا کراچی شہر کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ ، مقامی ذمہ داران سے امیدواروں کی فہرستیں طلب کرلی گئیں ، امیدواروں کے نام فائنل کرکے جلد اعلان کریں گے، ان خیالات کا اظہار جمعیت سیکریٹریٹ کراچی میں جے یوآئی سندھ کی عاملہ ، ضلعی امرا و نظما اور بزنس فورم معاونین کے مشترکہ اجلاس سے صوبائی ذمہ داران نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری، مولانا محمد غیاث، مولانا امین اللہ ، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی، شرف الدین اندھڑ، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا نورالحق، مولانا عبدالرشید نعمانی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا فخرالدین رازی، فاروق سید حسن زئی ، قاری نورالامین، جمال خان کاکڑ، اسامہ مسکین، مفتی شفیق مہر ، محبوب اعوان، عبدالوحید سولنگی، گلفراز حسن زئی، عبدالوحد خان ودیگر شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے کراچی میں عید الاضحی کے بعد ذیلی یونٹ سطح پر عوامی رابطہ مہم کے پروگرام منعقد ہوں گے 13 اگست کا جلسہ عام ملک اور صوبے پر مسلط نااہل حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جے یوآئی شہر قائد کے مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر میدان میں ہے ، تمام کنٹونمنٹ ایریاز کے بلدیاتی انتخابات میں جے یوآئی کے پلیٹ فارم سے بھرپور حصہ لیا جائے گا اضلاع اپنی تیاریاں مکمل کرچکی ہیں امیدواروں کا اعلان جلد کریں گے ، انہوں نے کہا کہ شہر قائد مسائل کی آماجگاہ بنتا جارہا ہے ، حالیہ بارش کی چند بوندوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے بلند وبانگ دعوں کی نفی کردی ہے، برساتی نالوں کی آڑ میں لاکھوں لوگوں کو گھروں سے محروم کرنے باوجود شہر کی سڑکیں تالاب بنی رہیں ۔

انہوں کہا کہ حکومت عوام کی جانوں سے کھیلنا بند کرے ، بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ۔