پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ’’میک ان پاکستان‘‘ہماری توجہ کا مرکز ہے، عبد الرزاق دائود

ہفتہ 17 جولائی 2021 18:53

پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ’’میک ان پاکستان‘‘ہماری توجہ کا ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ’’میک ان پاکستان‘‘ہماری توجہ کا مرکز ہے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے، وزارت تجارت نے خام مال اور دیگر اشیاکی 4000 ٹیرف لائنوں پر کسٹمز ڈیوٹی کو ختم کردیا ہے، جو تمام ٹیرف لائنوں کا 54فیصد بنتاہے۔

وہ ہفتہ کو سیالکوٹ کے دورے کے موقع پر برآمد کنندگان اور تاجروں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے برآمد کنندگان کو استفادہ کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ ''ہم نے صنعت کو ترقی کی طرف موڑ دیاہے اور اب ہم اس صنعتی ترقی کے استحکام کی جانب گامزن ہیں۔سیالکوٹ چیمبر میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے برآمد کنندگان کی اندرونی اور بیرونی مشکل حالات کے باوجود برآمدات میں اضافہ کے لئے کی جانے والی ان کی کوششوںکو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سرجیکل ایسوسی ایشن، لیدر ایسوسی ایشن، اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن اور گلووز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ ''میں برآمدکنندگان باالخصوص سیالکوٹ کی تاجر برادری سے توقع کرتا ہوں کہ وہ برآمدات میںاور بھی زیادہ اضافہ کریں گے ۔

''انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ازبکستان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے وہاں کی مارکیٹ پر بھی توجہ دینے کی ترغیب دی اور بتایاکہ وزارت کامرس کی سلک روٹ ری کونیکٹ پالیسی کے تحت ایک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں جبکہ بہت جلد اس کے شرائط و ضوابط طئے ہوجائیں گے ۔انہوں نے ایمیزون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور برآمد کنندگان کو عالمی مارکیٹ سے منسلک ہونے کے لئے اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کی تاکید کی۔